ماضی کا جائزہ ، مستقبل پر نظر
میں نے نئے سال کی دہلیز پر کھڑے شخص سے کہا :مجھے روشنی درکار ہے تاکہ آنے والے موہوم ایام کو منور کرسکوں۔
اس نے کہا :اپنا ہاتھ اللہ کے ہاتھ میں دے دو، وہ تمھیں منزلِ مقصود تک پہنچادے گا ۔
وقت کے قافلے کے ساتھ چلتا مردِ ناداں، زندگی کے ایک دوراہے پر کھڑا کبھی پیچھے کی طرف نظر دوڑاتا،تاکہ اس سفر میں پیش آنے والی تکالیف اور تھکن کو ذہن میں تازہ کرسکے۔۔۔ پھر ایک نظر آگے کی طرف دیکھنے کی کوشش کرتا، تاکہ اندازہ لگائے کہ ابھی اور کتنے مراحل طے کرنے ہیں۔
اے صحراے زندگی میں حیران و سرگرداں بھٹکنے والے دوست !کب تک اس تاریکی و گمراہی کا شکار رہو گے، حالانکہ تمھارے اپنے ہاتھ میں ایک روشن چراغ موجود ہے :
رِضْوَانَہ سُبُلَ السَّلٰمِ وَ یُخْرِجُھُمْ مِّنَ الظُّلُمٰتِ اِلَی النُّوْرِ بِاِذْنِہ وَ یَھْدِیْھِمْ اِلٰی صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ o (المائدہ 5 : 16) تمھارے پاس اللہ کی طرف سے روشنی آگئی ہے اور ایک ایسی حق نما کتاب جس کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو جو اس کی رضا کے طالب ہیں ، سلامتی کے طریقے بتاتاہے اور اپنے اذن سے ان کو اندھیروں سے نکال کر اجالے کی طرف لاتاہے اور راہِ راست کی طرف ان کی رہنمائی کرتا ہے۔
اے حیرانی اور تھکن سے ُ چور لوگوکہ جن کے سامنے راستے گڈمڈ ہوچکے ہیں!اے گم کردہ راہ انسانو! سنو خداے علیم و خبیر کیا کہہ رہاہے:
(اے نبیﷺ) کہہ دو کہ اے میرے بندو ، جنھوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے ، اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہوجاؤ ۔ یقیناًاللہ سارے گناہ معاف کردیتا ہے ۔ وہ تو غفورو رحیم ہے ۔ پلٹ آؤ اپنے رب کی طرف اور مطیع بن جاؤ اس کے۔ (الزمر 39 : 53 ۔ 54)
آؤ اس کی پکار پر لبیک کہو ، اور پھر اس کے بعد دلی اطمینان ،ضمیر و نفس کی راحت اور اللہ تعالیٰ سے نیک اجر کا نظارہ کرو:
اور جن کا حال یہ ہے کہ اگر کبھی کوئی فحش کام ان سے سرزد ہوجاتاہے یا کسی گناہ کا ارتکاب کرکے وہ اپنے اوپر ظلم کربیٹھتے ہیں تو معاً اللہ انھیں یاد آجاتاہے اور اس سے وہ اپنے قصوروں کی معافی چاہتے ہیں کیونکہ اللہ کے سوااور کون ہے جو معاف کرسکتاہو؟ اور وہ کبھی دانستہ اپنے کیے پر اصرار نہیں کرتے ۔ ایسے لوگوں کی جزا ان کے رب کے پاس یہ ہے کہ وہ ان کو معاف کردے گا اور ایسے باغوں میں انھیں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور وہاں وہ ہمیشہ رہیں گے ۔ کیسا اچھا بدلہ ہے نیک اعمال کرنے والو کے لیے ۔(اٰل عمرٰن 3 : 135۔ 136)
اے مصیبت زدہ اور گناہوں کے بوجھ تلے دبے میرے بھائی!میں تمھی سے مخاطب ہوں کہ میرے رب کے دروازے چوپٹ کھلے ہیں ۔گناہ گاروں کا روتے ہوئے اس کی طرف پلٹ آنا اسے اپنے گھر کے طواف کرنے والوں سے زیادہ محبوب ہے ۔ کوئی نالۂ نیم شبی، اس سے مناجات کی کوئی گھڑی، ندامت اور افسوس کے چند آنسو، توبہ اوراستغفار کا کوئی کلمہ ۔اس سے تمھارے گناہ مٹا دیے جائیں گے ، تمھارے درجات بلند کردیے جائیں گے اور اللہ کے مقرب بندوں میں شامل ہوجاؤ گے۔ یاد رکھو، ہر انسان بے حد خطاکار ہے اور خطاکاروں میں سب سے بہترین وہ ہے جو توبہ کرنے والا ہو۔
اللہ ان لوگوں کو پسند کرتا ہے جو بدی سے باز رہیں اور پاکیزگی اختیار کریں۔ (البقرہ 2 : 222)
دیکھو، اللہ تمھارے کتنا قریب ہے، عجب ہے کہ تمھیں اس کے قرب کا احساس ہی نہیں۔ چشمِ ہوش سے دیکھو، اسے تم سے کتنی محبت ہے لیکن تمھیں اس کی محبت کی قدر ہی نہیں ۔ تم پر اس کی رحمتیں کتنی زیادہ ہیں اور تم ہو کہ خوابِ غفلت سے جاگتے ہی نہیں، سنو، وہ حدیث قدسی میں کیا کہتا ہے:میرا بندہ مجھ سے جو بھی گمان کرے میں اسی کے مطابق اس سے معاملہ کرتاہوں، میں اپنے بندے کے گمان و خیال کے ساتھ ہوں۔ جب بھی وہ مجھے یاد کرتا ہے، تو میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں۔ وہ اگر مجھے اپنے دل میں یاد کرتاہے تو میں بھی اسے اپنے دل میں یاد کرتاہوں اور اگر مجھے کسی جم غفیر میں یاد کرتاہے تو میں اس سے بہتر جمِ غفیر میں اس کاذکرکرتاہوں۔ اگر وہ میری طرف ایک بالشت بڑھتاہے تومیں اس کی طزف ایک ہاتھ بڑھتا ہوں اور اگر وہ ایک ہاتھ بڑھتا ہے تو میں دو ہاتھ بڑھتا ہوں ۔ اگر وہ میری طرف چل کر آتا ہے تو میں اس کی طرف دوڑ کر جاتاہوں۔
دیکھو کیا فرما رہا ہے :’’اے ابن آدم! میری طرف چل کر آمیں تیری طرف دوڑ کر آؤں گا‘‘۔ بے شک وہ رات کو ہاتھ پھیلا تا ہے تاکہ دن کے گنہگار توبہ کرلیں اور دن کو ہاتھ پھیلاتا ہے تاکہ رات کے گنہگار توبہ کرلیں۔ وہ انسان پر اس کی مہربان ماں سے بھی زیادہ مہربان ہے۔ ’’بے شک اللہ لوگوں کے اوپر مہربان اور رحم کرنے والا ہے ۔‘‘(الحج 22 : 65)
میرے پیارے بھائی! جس نے وقت کے حقوق پہچان لیے اس نے درحقیقت زندگی کی قیمت پہچان لی، کیونکہ وقت ہی تو زندگی ہے ۔ جب زندگی کا پہیہ ہماری زندگی کے سفر کا ایک سال طے کرلیتاہے اور ہم دوسرے سال کا استقبال کرنے میں لگ جاتے ہیں تو ہم عملاً ایک دوراہے پر کھڑے ہوجاتے ہیں۔ اس فیصلہ کن گھڑی میں ہمیں اپنے ماضی کا بھی محاسبہ کرنا ہے اور مستقبل کا بھی حساب لگانا ہوتاہے تاکہ کہیں حساب کی اصل گھڑی اچانک سرپہ نہ آ جائے ۔ وہ گھڑی جو یقیناً آکر رہنی ہے ۔ ماضی کا محاسبہ اس لیے تاکہ ہم اپنی غلطیوں پر نادم ہوں ، اپنی کوتاہیوں اور لغزشوں کا تدارک اور اپنی کج روی کو درست کریں کیونکہ ابھی موقع بھی ہے اور فرصت بھی۔ اور ہمیں مستقبل کو بھی دیکھنا ہے، تاکہ اس کے لیے بھرپور تیار ی کریں۔
یہ تیاری کیا ہے؟ پاک ،صاف ، سچا دل ، عملِ صالح اور نیکی اور خیر کی طرف تیزی سے آگے بڑھنے کا عزمِ صادق۔ مومن ہمیشہ دونوں پہلوؤں سے فکر مند رہتاہے :ایک طرف تو اسے اپنے سابقہ عمل کے بارے میں دھڑکا رہتاہے کہ پتا نہیں میرا یہ عمل اللہ کے ہاں کیا مقام پائے گا ۔ دوسری طرف باقی ماندہ مہلت کے بارے میں دل لرزتا رہتاہے کہ نہ جانے اس کے بارے میں اللہ کا فیصلہ کیا ہوگا ۔ لہٰذا، ہر بندے کو خود اپنے آپ ہی سے اپنے لیے توشہ حاصل کرنا ہے، اپنی دنیا سے اپنی آخرت تعمیر کرناہے ۔ بڑھاپے سے بھی پہلے اور موت سے بھی پہلے پہلے ۔ حبیبِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے الفاظ میں
کوئی ایسا دن طلوع نہیں ہوتا جو پکار پکار کر نہ کہہ رہا ہو کہ اے ابنِ آدم !میں لمحۂ تازہ ہوں اور میں تمھارے عمل پر گواہ ہوں، مجھ سے جو چاہو حاصل کرو میں چلا گیا تو پھر قیامت تک دوبارہ نہیں آؤں گا۔
میں نئے سال کی مناسبت سے کچھ لکھنے بیٹھا تھا، میرا خیال تھا کہ میں ہجرتِ نبوی کی یاد میں کچھ لکھوں، اس کے کچھ واقعات سے دلوں کو گرماؤں لیکن میں بالکل دوسری سمت جا نکلا ۔ میں اپنے ان بھائیوں کے ساتھ راز و نیاز کرنے لگا جنھوں نے وقت کے حقوق ضائع کردیے ،جوزندگی کے اصل راز سے غافل رہے۔ صد افسوس کہ انھوں نے اس امتحان کو فراموش کردیا جس کے لیے ہم سب کو وجود ملا ہے ۔ الَّذِیْ خَلَقَ الْمَوْتَ وَالْحَیٰوۃَ لِیَبْلُوَکُمْ اَیُّکُمْ اَحْسَنُ عَمَلًا (ملک 67: 2) تمھارا رب وہی ہے جس نے موت اور زندگی کو تخلیق کیا تاکہ تم لوگوں کو آزماکر دیکھے کہ تم میں سے کون بہتر عمل کرتا ہے۔
میں کچھ اور لکھنے بیٹھا تھا لیکن میں نے اچانک خود کو اپنے محترم اور عزیز بھائیوں سے مخاطب پایا۔ دل میں امید پیدا ہوئی کہ اس طرح شیطان کے ہاتھ سے اپنا ہاتھ چھڑاتے ہوئے رحمن کی پناہ میں آجائیں ، ہم سب رضاے خدا وندی کے اس قافلے میں شریک ہوجائیں ، جسے اس کی طرف سے مغفرت اور رضوان عطا ہوتی ہے ۔ ہماری زندگی کے رجسٹر میں نئے محرم الحرام کا آغاز ایک نئے اور صاف و سفید صفحے سے ہو۔ اگر پچھلے صفحات گناہوں کی وجہ سے سیاہ پڑ گئے تھے تو اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے توبہ واستغفار کے ذریعے نیکیوں میں تبدیل فرمادے:
وہی ہے جو اپنے بندوں سے توبہ قبول کرتاہے اور برائیوں سے درگزر فرماتاہے ۔ حالانکہ تم لوگوں کے سب اعمال کا اسے علم ہے ۔ وہ ایمان لانے والوں اور نیک عمل کرنے والوں کی دعا قبول کرتاہے اور اپنے فضل سے ان کو اور زیادہ دیتاہے ۔ (الشورٰی: 25، 26)
آئیے دیکھیں ہم پر پروردگار کی نگرانی کس قدر عظیم ہے :
ہم نے انسان کو پیدا کیا اور ہم اس کے دل میں ابھرنے والے وسوسوں تک کو جانتے ہیں ، ہم اس کی رگ گردن سے بھی زیادہ اس سے قریب ہیں اور (ہمارے اس براہ راست علم کے علاوہ ) دو کاتب اس کے دائیں اور بائیں بیٹھے ہر چیز ثبت کررہے ہیں۔ کوئی لفظ اس کی زبان سے نہیں نکلتا جسے محفوظ کرنے کے لیے ایک حاضر باش نگر ان موجود نہ ہو۔
کیا انھوں نے سمجھ رکھا ہے کہ ہم ان کی راز کی باتیں اور ان کی سرگوشیاں سنتے نہیں ہیں۔ ہم سب کچھ سنتے ہیں اور ہمارے فرشتے ان کے پاس ہی لکھ رہے ہیں ۔ (الزخرف43 : 80)
آئیے دیکھیں قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کا حساب کتنا دقیق ہوگا۔
فَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ خَیْرًا یَّرَہ o وَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ شَرًّا یَّرَہ o (الزلزال 99 : 7 ۔8) جس نے ذرہ برابر نیکی کی ہوگی ، وہ اس کو دیکھ لے گا اور جس نے ذرہ برابر بدی کی ہوگی، وہ اس کو دیکھ لے گا ۔
(مجلہ الاخوان المسلمون ، محرم الحرام 1368ھ ، 2 نومبر 1948ء