January 22nd, 2025 (1446رجب22)

استحکام پاکستان اور اسلامی نظریہ

پاکستان کی تاسیس کے ۷۵ برس پورے ہونے پر، ہم یہاں اُس قلمی مذاکرےکا کچھ حصہ پیش کر رہے ہیں، جسے ماہ نامہ چراغ راہ، کراچی نے ۱۹۶۱ء کے ’نظریۂ پاکستان نمبر‘ میں شائع کیا تھا۔ یہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ ۶۲برس گزر جانے کے بعد آج تک ہم اسی دوراہے پر کھڑے ہیں۔ بدقسمتی سے قومی، سیاسی، عسکری، انتظامی، صحافتی اور تعلیمی قیادت نہ بنیادی مسئلے کو سمجھنا چاہتی ہے اور نہ ٹھیک کرنا چاہتی ہے۔ جس کے نتیجے میں ہم رفتہ رفتہ ایک پاکستانی قوم سے ہٹ کر تنگ نظر قومیتوں کی طرف بڑھنے، مفادات کے گرداب میں پھنسنے اور وقتی و عارضی اہداف کے پیچھے بھاگنے والی قوم کا ثبوت دینے پر مُصر ہیں۔ مذاکرے کے تین محترم شرکا: lسیّدابوالاعلیٰ مودودی lڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی lجسٹس ڈاکٹر جاوید اقبال کے جوابات یہاں دیئے جارہے ہیں۔(پروفیسر خورشیداحمد)

سوالات

            ۱          آپ کی نگاہ میں پاکستان کے بقا اور استحکام کے لیے اسلامی نظریے کی ضرورت اور اہمیت کیا ہے؟

            ۲          اسلامی نظریے کی طرف بڑھنے میں کون سی قوتیں مزاحمت کر رہی ہیں؟

            ۳          آپ کے خیال میں گذشتہ برسوں میں پاکستان، اسلامی نظریے سے قریب آیا ہے یا اس سے دور ہٹا ہے؟

            ۴          آپ کے نزدیک اسلامی نظریے کو عملاً بروے کار لانے کے لیے کون سے اقدامات ضروری ہیں؟ سیاسی اور تہذیبی زندگی پر اس نظریے کے کیا اثرات مرتب ہونے چاہییں؟


سیّد ابو الاعلیٰ مودودی

۱   پاکستان کے بقا و استحکام کے لیے اسلامی نظریے کی اولین ضرورت و اہمیت یہ ہے کہ ہم مسلمان ہیں۔ اگر ایک مسلمان قوم کا نظریہ اسلامی نہ ہو تو اور کیا ہو سکتا ہے۔ مسلمان ہونے کے تو معنی ہی یہ ہیں کہ: ہمارے خیالات اسلامی ہوں، ہمارے سوچنے کا انداز اسلامی ہو، معاملات پر ہم اسلامی نقطۂ نظر ہی سے نگاہ ڈالیں اور اپنی تہذیب، تمدن، سیاست، معیشت اور فی الجملہ اپنے پورے نظامِ زندگی کو اسلام کے طریقے پر چلائیں۔ اگر ہم ایسا نہ کریں تو آخر کس بنا پر ہم اپنے آپ کو مسلمان کہنے کے حق دار ہو سکتے ہیں؟ مسلمان ہونے کا دعویٰ بھی کرنا اور پھر اپنی زندگی کے مختلف گوشوں میں کسی غیر اسلامی نظریے پر کام بھی کرنا، لازماً یہ معنی رکھتا ہے کہ یا تو ہم منافق ہیں اور دل سے مسلمان نہیں ہیں، یا پھر ہم جاہل ہیں اور اتنا شعور بھی نہیں رکھتے کہ مسلمان ہونے کے کم سے کم منطقی تقاضے کیا ہیں؟

دوسری چیز اس سلسلے میں یہ ہے کہ ہم نے متحدہ ہندستان میں سے ’پاکستان‘ کے نام کا ایک الگ خطہ زمین کاٹ کر حاصل کرنے کے لیے جو لڑائی لڑی تھی، وہ تمام دنیا کے سامنے ڈنکے کی چوٹ یہ کہہ کر لڑی تھی کہ: ہم ایک جداگانہ تہذیب و تمدن رکھنے والی قوم ہیں۔ متحدہ ہندستان میں غیر مسلم اکثریت کے ساتھ ایک مشترک نظامِ زندگی ہم نہیںبنا سکتے۔ ہمیں اپنے نظامِ زندگی کے مطابق کام کرنے کے لیے ایک الگ علاقہ چاہیے، جہاں ہم اپنی تہذیب اور اپنے تمدن اور اپنے قوانینِ حیات کے مطابق کام کر سکیں ___  اب ایک سخت لڑائی لڑنے کے بعد جب وہ پاکستان ہمیں حاصل ہو گیا، جس کے لیے ہم نے یہ سارے پاپڑ بیلے تھے، تو یہ ایک بالکل عجیب حرکت ہو گی کہ ہم یہاں اسی تہذیب و تمدن اور نظامِ زندگی سے منہ موڑ لیں، جس کا ہم نے نام لیا تھا اور وہی سب کچھ کرنا شروع کر دیں جو متحدہ ہندستان میں بھی بآسانی کیا جا سکتا تھا۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ ہم تمام دنیا کے سامنے اپنے آپ کو ایک جھوٹی اور مکار، یا احمق اور بوالفضول قسم کی قوم کی حیثیت سے  پیش کرتے ہیں۔ آخر دنیا یہ نہ سوچے گی کہ یہ عجیب قوم ہے کہ جس مقصد کا نام لے کر یہ لڑی تھی، لڑائی میں کامیاب ہو کر اسی مقصد کو فراموش کر بیٹھی اور جو کام یہ لڑے بغیر کر سکتی تھی، وہی اس نے جان و مال اور آبرو کے بے شمار نقصانات اٹھانے کے بعد کرنا شروع کر دیا۔ ہماری سوسائٹی میں جن باتوں پر بے چارے سکھوں کا مذاق اڑایا جاتا ہے، ہماری یہ حرکت ان سے بدرجہا زیادہ بڑھی ہوئی ہو گی اور دنیا کے سامنے ہم اپنے آپ کو مہاسکھ کی حیثیت سے پیش کریں گے۔

تیسری چیز اس سلسلے میں یہ ہے کہ پاکستان مختلف عناصر سے مرکب ہے، اور جن عناصر سے یہ مرکب ہے اُن کے درمیان آج تک اپنی جداگانہ خصوصیات نمایاں طور پر موجود ہیں۔ ان کے اندر حقیقت میں کوئی امتزاج ایسا نہیںہو سکا ہے، جو ان عناصر کو بالکل یک جان اور یک رنگ کر چکا ہو: ان کی زبانیں مختلف ہیں، لباس، عادات، طرز معاشرت مختلف ہے، نسلیں مختلف ہیں۔ ایک بڑی حد تک اُن کے مفاد بھی نہ صرف مختلف بلکہ متصادم ہیں۔ ان کے اندر جدا جدا ہونے کا احساس نہ صرف موجود ہے، بلکہ زندہ اور متحرک ہے، اور ایک ذرا سے اشارے پر بہ آسانی ابھر آتا ہے، اور سب سے زیادہ یہ کہ پاکستان جغرافی حیثیت سے ایک وطن بھی نہیں ہے۔ اس کے دو بڑے ٹکڑے ، جن میں اس کی آبادی تقریباً نصف نصف بٹی ہوئی ہے[جب یہ جوابات لکھے گئے تب پاکستان، مغربی پاکستان اور مشرقی پاکستان (آج کل بنگلہ دیش) پر مشتمل تھا]، ایک دوسرے سے ہزار میل [ ڈیڑھ ہزار کلو میٹر] کے فاصلے پر ہیں اور بیچ میں ایک ایسی طاقت حائل ہے جس کے ساتھ ہمارے کچھ بہت اچھے تعلقات بھی نہیں ہیں۔ کسی وقت بھی ان تعلقات کی خرابی کی وجہ سے ان دونوں ٹکڑوں میں مواصلات کے سارے رشتے کٹ سکتے ہیں۔ اس حالت میں پاکستان کو ایک وحدت بنا کر رکھنے والی قوت سوائے اسلام کے کوئی نہیں ہے۔ محض سیاسی نظام کی وحدت کوئی چیز نہیں۔ کیا اسی طرح کی وحدت آسٹریا اور ہنگری میں نہ تھی؟ کیا اسی طرح کی وحدت عثمانی سلطنت میں نہ تھی؟ اسی طرح کی وحدت برٹش ایمپائر [برطانوی سلطنت] میں نہ تھی؟ اس وحدت کے بل پر مختلف الجنس عناصر کو ایک ’بنیان مرصوص‘ نہیں بنایا جا سکتا۔ اس کے لیے زبان کی وحدت مددگار ہوسکتی ہے، مگر اس کا یہاں دور دور کوئی امکان نہیں۔ اس کے لیے معاشی مفاد کی وحدت بھی مددگار ہوسکتی ہے، لیکن ایک اندھا بھی دیکھ سکتا ہے کہ مشرقی اور مغربی پاکستان کے درمیان یہ موجود نہیں ہے۔ اب سوائے ایک عقیدے اور دین کی وحدت اور اصول اخلاق و تہذیب کی وحدت کے اور کیا ایسی چیز ہے جو پاکستان کے مختلف عناصر کو جوڑ کر رکھ سکتی ہو؟

چوتھی اور آخری چیز یہ ہے کہ ملک کی عظیم مسلم اکثریت، جو دراصل پاکستان کی بانی اور اس کی پشت پناہ ہے، سچے دل سے یہ ایمان رکھتی ہے کہ اس کی زندگی کے مسائل کا حل فی الواقع اسلامی نظام ہی میں ہے، اور اس نظام سے بہتر دوسرا نظام نہیں ہے۔ جن لوگوں کا اصلی عقیدہ یہ نہیں ہے، جو محض مسلمان گھرانوں میں پیدا ہو جانے کی وجہ سے مسلمان بنے ہوئے ہیں، مگر اپنے عقائد  اور خیالات اور نظریات کے اعتبار سے غیر مسلم ہو چکے ہیں، ان کا معاملہ تو دوسرا ہے۔ وہ تو بلا شبہہ یہی چاہیں گے کہ ہم اپنے ساتھ بس مسلمان کا نام لگائے رکھیں، مگر کام کسی غیر اسلام نظریہ پر کریں۔ لیکن ایسے لوگ آخر ہماری آبادی میں ہیں کتنے؟ بمشکل ان کا تناسب ایک دو یا دس پانچ فی لاکھ ہوگا۔

 آخر عقل و منطق، یا انصاف یا جمہوریت کے کس قاعدے سے اس چھوٹی سی اقلیت کو یہ حق پہنچتا ہے کہ یہاں کوئی نظام زندگی اس کے نظریات کے مطابق اختیار کیا جائے۔ اس میں شک نہیں ہے کہ اس وقت یہی چھوٹی سی اقلیت ہمارے ہاں بڑے بڑے مناصب پر مسلط رہی ہے۔ لیکن یہ حالت خواہ کتنی ہی پریشان کن ہو، بہر حال اسے کوئی حقیقی اہمیت حاصل نہیں ہے۔ اس لیے کہ ملک میں ایسی ایک اقلیت کے برسر اقتدار ہونے کی حیثیت ایک اجنبی قوم کے برسرِ اقتدار آنے سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہے۔ انگریز بھی جب اس ملک پر حکومت کر رہا تھا تو اس کے کارفرماؤں اور کار پردازوں کی تعداد اس ملک میں اس سے زیادہ نہ تھی۔ اگر وہ اجنبی اقتدار یہاں مستحکم نہ ہو سکا تو یہ اجنبی اقتدار بھی یہاں مستحکم نہیں ہو سکتا۔

جب تک یہ اقتدار یہاں مسلط رہے گا، پاکستان کے باشندوں کی عظیم اکثریت کے جذبات، احساسات اور ان کی گہری جڑوں پر جمی ہوئی روایات سے اس چھوٹی سی اقلیت کے منصوبے پیہم متصادم ہوتے رہیں گے۔ تصادم کی وجہ سے یہ ملک ایک انچ بھی ترقی کے راستے پر آگے نہ بڑھ سکے گا، بلکہ جو کچھ پہلے کا بنا ہوا ہے وہ بھی بگڑتاچلا جائے گا۔ قوم کا دلی تعاون جس طرح بدیسی اجنبیوں کو کبھی حاصل نہ ہو سکا، اسی طرح ان دیسی اجنبیوں کو بھی کبھی حاصل نہ ہو سکے گا۔ ان کی حیثیت بالکل ایسی ہی رہے گی، جیسے کوئی شخص ایک ایسے گھوڑے پر سوار ہو، جو اسے سواری نہ دینا چاہتا ہو، اور سوار اور سواری میں مسلسل کش مکش جاری رہے۔ اس حالت میں کسی نظریے کے مطابق بھی ہماری زندگی کے کسی مسئلے کا حل نہ ہو سکے گا، نہ اسلامی نظریے کے مطابق اور نہ غیر اسلامی نظریے کے مطابق۔ جو کچھ حکمران بنانا چاہیں گے قوم کا عدم تعاون اس کو نہ چلنے دے گا۔ جو کچھ قوم بنانا چاہے گی حکمرانوں کی جبری اور بعض حالات میں مسلح مزاحمت اس کو نہ چلنے دے گی۔ اس کش مکش کو کسی کا جی چاہے تو جب تک چاہے طول دیتا رہے۔ آخر کار پاکستان کی تعمیر کے لیے اگر کوئی کام ہو سکے گا تو اسی وقت ہو سکے گا، جب کہ قوم اور اس کے حکمرانوں کا مقصد اور مسلک ایک ہو، اور وہ اسلام اور صرف اسلام ہی ہو سکتا ہے۔

ایک اعتراض : اس تجزیے پر یہ اعتراض کیا جاتا ہے کہ اگر اسلام نے مسلمانوں کو ایک نظام تمدن دیا ہے اور اس کی روایات ہماری قوم میں بڑی مضبوط ہیں تو پھر یہ کہنا کہاں تک درست ہو گا کہ پاکستان کے مختلف عناصر کی معاشرت اور ان کا مفاد ایک دوسرے سے مختلف بلکہ متصادم ہے؟

اس کے جواب میں مَیں کہوں گا کہ جہاں تک تمدن و معاشرت کے مختلف ہونے کا تعلق ہے اس کی وجہ تو بہ آسانی سمجھ میں آ سکتی ہے، اگر ہم اس ملک میں مسلمانوں کی تاریخ کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ اس ملک میں اسلام کو پوری طرح کام کرنے کا کبھی موقع نہیں ملا کہ وہ یہاں کے مسلمانوں کو مکمل طور پر ایک تہذیب و تمدن میں رنگ دیتا۔ اسلام کے ساتھ ساتھ دوسری تمدنی قوتیں بھی یہاں کار فرما رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب ہم برعظیم ہندو پاکستان کے مسلمانوں کی زندگی کا تجزیہ کرتے ہیں، تو ہمیں صاف یہ نظر آتا ہے کہ ان کے اندر وحدت کے جتنے عناصر ہیں وہ تو سارے اسلام نے فراہم کیے ہیں، مثلاً: عقائد، اذان، نماز، روزہ، جمعہ اور عیدین، حج، ختنہ، نکاح و طلاق و وراثت کے قوانین، لباس میں ستر کے حدود، کھانے پینے میں حرام و حلال کے قیود، معاشرت میں پردہ، وغیرہ۔

اس کے برعکس ان کی زندگی میں اختلاف اور پچ رنگی کے جتنے عناصر ہیں، وہ سارے کے سارے دوسری تمدنی قوتوں کے فراہم کردہ ہیں۔ اب اگر یہاں اسلام کو کام کرنے کا پورا موقع ملے اور نظامِ تعلیم و تربیت میں، قوانین میں، حکومت کی پالیسی میں اور دوسرے معاملات میں وہ پوری طرح یہاں کارفرما ہو تو وحدت پیدا کرنے والی طاقت زور پکڑتی جائے گی اور اختلاف پیدا کرنے والی طاقتیں کمزور ہوتی جائیں گی۔ لیکن اگر اس کے برعکس وحدت کا یہ واحد رشتہ تعلیم و تمدن، قانون اور دوسرے مؤثر ادارات سے بے دخل رہے تو لا محالہ اختلاف پیدا کرنے والی طاقتیں زور پکڑتی جائیں گی اور ہماری آبادی کے مختلف عناصر کو بکھیر کر رکھ دیں گی۔

رہا معاشی مفاد کا مسئلہ ،تو وہ قدرتی اسباب سے مختلف علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے درمیان تصادم پیدا کرتا ہے۔ اگر اسلام کی رہنمائی میں ہم اپنے معاشی مسائل کو منصفانہ طریقے پر حل کر لیں اور اس کے ساتھ مسلمانوں کے اندر اعتقادی اور اخلاقی وحدت کو بھی بڑھائیں تو یہ تصادم روز بر وز خفیف ہوتا جائے گا اور کبھی نازک صورت اختیار نہ کرنے پائے گا۔ لیکن بصورت دیگر  اس کو کوئی طاقت روز بروز بڑھنے اور پاکستان کے مختلف حصوں کو باہم دست و گریبان کر دینے سے نہ روک سکے گی۔

ایک ضمنی سوال: اس سلسلے میں ضمناً یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگراسلامی نظریے کی یہی اہمیت ہے تو آخر دوسرے مسلم ممالک اس کو چھوڑ کر دیگر نظریات کیوں اختیار کر رہے ہیں؟

اس کا جواب یہ ہے کہ تمام مسلمانوں پر وہی ایک بلا مسلط ہے جو ہمارے اس ملک پر مسلط رہی ہے، یعنی کارفرمائی کی طاقتیں ہر جگہ ان لوگوں کے ہاتھوں میںہیں، جنھوں نے نہ کوئی اسلامی تعلیم و تربیت پائی ہے اور نہ اسلامی ذہنیت ان میں موجود ہے۔ قوم ہر جگہ مسلمان ہے، اسلامی جذبات رکھتی ہے اور اسلامی روایات اس میں گہری جڑوں کے ساتھ جمی ہوئی ہیں۔ لیکن سیاسی اور معاشی طاقت ہر جگہ ایک ایسی مختصر سی اقلیت کے ہاتھ میں ہے، جس نے یا تو براہِ راست مغربی استعمار کی گود میں پرورش پائی ہے یا مغربی استعمار سے چوٹ کھا کر اس کے آگے پوری طرح سپر ڈال دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر جگہ [مسلم] قوم اور ان استعمار زادوں کے درمیان کش مکش برپا ہے، اور ہر جگہ مغربی نظام زندگی کا اجنبی پودا بالکل ایک دوسری سر زمین اور مخالف آب و ہوا میں لا کر زبردستی لگایا اور پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

۲  ایک مزاحم طاقت کا تو میں اوپر ذکر کر چکا ہوں۔ اس کے علاوہ تین مزاحم طاقتیں اور قابلِ ذکر ہیں:

ایک، عام مسلمانوں کی جہالت اور اسلامی تربیت سے محرومی۔ ہم جب کبھی اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مسلمان ممالک میں اور اسی طرح پاکستان میں بھی مسلمان من حیث القوم اسلام کے دلدادہ ہیں، تو اس سے ہماری مراد صرف یہ ہوتی ہے کہ ان کے جذبات و احساسات اسلامی ہیں، اور روایات کا گہرا اثر ان کو اسلام سے وابستہ رکھے ہوئے ہے۔ لیکن اس واقعہ سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور یہ بالکل ایک بدیہی حقیقت ہے کہ ان عام مسلمانوں کی عظیم اکثریت جس اسلام کی دلدادہ ہے، اس سے نہ تو یہ اچھی طرح واقف ہے اور نہ اس کے اصولوں کے مطابق اس کو اخلاقی تربیت ملی ہے۔ یہ ہماری بہت بڑی بد قسمتی ہے کہ مغربی استعمار کی آمد سے کئی صدیاں پہلے سے مسلمانوں کی حکومتیں اپنے بنیادی فرائض سے غافل رہیں، اور انھوں نے مسلم عوام کو اسلامی تعلیم و تربیت دینے کا فرض پوری طرح انجام نہیں دیا۔ اس کے بعد جب مغربی استعمار مختلف اسلامی ملکوں میں اور خود ہمارے ملک میں آیا تو اس نے ہمارے عقائد، اخلاق اور تہذیب و تمدن کی جڑیں ہلاڈالیں، اور ہم پر ایک ایسا نظام تعلیم اور نظام سیاست و معیشت اور نظام قانون و تمدن مسلط کیا جو ہمارے فلسفۂ حیات اور نظامِ زندگی سے پوری طرح متصادم تھا۔

ان ساری چیزوں کے اثرات مسلمان قوموں میں ہر جگہ پائے جاتے ہیں اور اپنے ملک میں بھی ہم ان سے بری طرح متاثر ہیں۔ ہم یہ ضرور سمجھتے ہیں کہ اگر یہاں اسلامی نظامِ حکومت قائم ہو جائے تو عوام کے جذبات و احساسات ان شاء اللہ اس کا ساتھ دیں گے۔ لیکن ہمیں یہ غلط فہمی نہیں ہے کہ قوم کی جہالت و جاہلیت اس کے قائم ہونے اور چلنے میںمزاحم نہ ہو گی۔ لا محالہ، اسلام کے لیے کام کرنے والوں کوکافی مدت تک جان مار کر محنت کرنا ہو گی، تاکہ قوم کی بگڑی ہوئی عادات و خصائل کو درست کر کے اس نظام کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے، جسے وہ جذباتی طور پر دل سے پسند کرتی ہے۔ اس معاملے میں اصلاح کرنے والوں کوبڑی حکمت کے ساتھ ایک تدریجی پروگرام اختیار کرنا ہو گا۔ اگر حکمت اور تدریج کو وہ ملحوظ نہ رکھیں اور کسی وقت بھی اصلاح کی پوری خوراک [dose] بیک وقت دے ڈالنے کی کوشش کریں تو سارا کام بگاڑ کر رکھ دیں گے۔

دوسری مزاحم قوت ہمارے مذہبی طبقوں کا جمود ہے۔ ان لوگوں کو پوری طرح اس بات کا احساس و ادراک نہیں ہے کہ اسلام میں درحقیقت ثبات اور حرکت کے درمیان کس طرح توازن قائم کیا گیا ہے۔ کتاب و سنت کی رُو سے مستقل طور پر ثابت و قائم کیا چیزیں رہنی چاہییں اور حرکت کن پہلوؤں اور کن امور میں ہونی چاہیے، جس سے ہم زمانے کی ترقی کے ساتھ ساتھ آگے چل سکیں۔ ان کے نزدیک کلیات و اصول اور منصوص احکام سے لے کر استنباطی جزئیات و فروع تک ہر چیز اٹل ہے۔ اس جمود کی وجہ سے بھی بہت سی رکاوٹیں اب تک پیش آئی ہیں اور آگے بھی پیش آنے کا خطرہ ہے۔ اگر اصلاح کے لیے کام کرنے والے لوگ وہ ہوں جو قرآن و سنت اور فقہ اور اسلامی تاریخ پر اچھی نظر رکھتے ہوں، فرقہ بندی کے تعصبات میں مبتلا نہ ہوں اور اپنے مزاج میں حکیمانہ اعتدال اور صبر و تحمل بھی رکھتے ہوں تو یہ مزاحمت تھوڑی یا بہت مشکلات کے باوجود رفع ہو سکتی ہے۔ ورنہ کم علم اور غیر معتدل لوگوں کے ہاتھوں یہ کام ہونے کی صورت میں سخت اندیشہ ہے کہ ہم اصلاح کرنے کے بجائے ملک میں مذہبی جھگڑے برپا کر دیں گے۔

تیسری مزاحم طاقت ملک کے اندر نہیں بلکہ باہر ہے۔ ہمارے مغربی دوست، جن کے ساتھ ہم بہت سے مالی و معاشی و سیاسی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور جنھیں ہمارے آزاد ہو جانے کے باوجود ہماری قسمت پر اثر ڈالنے کے بہت سے مواقع حاصل ہیں۔ وہ خود چاہے کتنے ہی عیسائی ہوں اور عیسائیت پر فخر کریں اور کمیونزم کے مقابلے میں مذہب کے علَم بردار بنیں، مگر مسلمان قوموں کو وہ مسلمان نہیں دیکھنا چاہتے۔ میرا احساس یہ ہے کہ وہ اب تک کمیونزم کے مقابلے میں اسلام کو زیادہ خطرناک سمجھتے ہیں۔ ان کی خواہش یہ تو ضرور ہے کہ مسلمان قومیں مذہب کی بنیاد پر کمیونزم کی مخالف ہوں اور اس کے مقابلے میں ان کا ساتھ دیں۔ لیکن جب کبھی کسی ملک کو وہ اسلام کی طرف پلٹتے دیکھتے ہیں اور انھیں خطرہ ہوتا ہے کہ اب یہاں اسلام کا بول بالا ہونے والا ہے تو اپنی تمام جمہوریت نوازی کو چھوڑ کر اور اپنے تمام اصول، آئین و قانون کو نظر انداز کر کے وہ اس قوم کے اندر غیر آئینی انقلاب کی ہمت افزائی کرنے پر اُتر آتے ہیں، جمہوریت کے مقابلے میں ڈکٹیٹرشپ کی حمایت کرنے لگتے ہیںاور انتہائی وحشیانہ ظلم و ستم جو دینی رہنماؤں اور دینی کارکنوں پر کیا جائے، اس پرنعرہ ہائے تحسین و آفریں بلند کرتے ہیں۔ یہ تماشاہم کئی برس سے مسلسل دیکھ رہے ہیں، اور ہمیں یہ یقین ہو چکا ہے کہ مسلم ممالک کے اندر اسلام کی نشاتِ ثانیہ کے راستے میں صرف اندرونی طاقتیں ہی مزاحم نہیں ہیں، بلکہ ان کی پشت پر یہ بیرونی طاقتیں بھی ہیں۔ اس کے دوسرے معنی یہ ہیں کہ ہماری جنگ آزادی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے، ہمیں آزادی کے لیے ابھی مزید لڑائی لڑنی ہے۔

پھر بد قسمتی سے اس وقت دنیا کی سب سے بڑی بین الاقوامی طاقت، یعنی امریکا پر ایک شیطان کا سایہ بھی ہے اور اس شیطان کا نام ہے ’’یہود‘‘۔ بین الاقوامی سازشیوں کے اس خطرناک گروہ کے ہاتھ میں بہت بڑی معاشی طاقت بھی ہے اور پریس کی طاقت بھی۔ خصوصیت کے ساتھ امریکا کی خارجہ سیاست پر اس کو جو تسلط حاصل ہے، اس نے تمام امریکیوں کو ان کی خواہش اور ارادے کے بغیر نہ صرف عربوں سے بلکہ تمام دنیا کے مسلمانوں سے زبردستی بھڑا دیا ہے۔ یہ یہودی حقیقت میں امریکا کے لیے انگریزی محاورہ کے مطابق evil genius ،نفس امّارہ بنے ہوئے ہیں۔ جس مسلمان قوم کے اندر مذہبی احیا کے کچھ آثار نمودار ہوتے ہیں، یہ اس کے متعلق فوراً دنیا میں خطرے کی گھنٹی بجانے لگتے ہیں اور اس کی خبریں دنیا کو اس طرح سناتے ہیں جیسے دنیا میں کوئی بڑی آفت آنے والی ہے۔ اگر کسی مسلمان قوم میں الحاد اور بے دینی کا زور ہو رہا ہو تو یہ اس پر بغلیں بجاتے ہیں اور دنیا بھر کو خبر کر دیتے ہیں کہ وہ قوم بڑی ’ترقی‘ کر رہی ہے، بہت progressive  [ترقی پسند] ہو گئی ہے۔ اگر کہیں کسی دینی تحریک کو کچلا جا رہا ہو، مقدمے چلائے بغیر لوگوں کو قید کیا جا رہا ہو، فوجی عدالتوں میں بالکل مضحکہ خیز طریقوں پر مقدمات چلا کر لوگوں کو پھانسیوں کی سزائیں دی جا رہی ہوں، تو یہ اس کی خبریں دنیا کو اس انداز سے دیتے ہیں گویا کوئی بہت بڑا نیک کام کیا جارہا ہے، اور کوئی شرم ان کو ایسے افعال کی تحسین کرتے وقت لا حق نہیں ہوتی۔

اگر کسی مسلمان ملک میں جمہوریت کو بالائے طاق رکھ کر اور آئین و قانون کی مٹی پلید کرکے کوئی ڈکٹیٹرشپ قائم کر دی جائے تو یہ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، اور دنیا کو یقین دلاتے ہیں کہ مسلمان قومیںجمہوریت کے قابل ہی نہیں ہیں، ان کے لیے توڈکٹیٹرشپ ہی موزوں ہے۔ امریکا کے عام باشندے ذرا محسوس نہیں کرتے کہ اس طرح اپنی اغراض کے لیے یہودی سرمایہ دار اور یہودی پریس ان کو گواہ کر کے ایک خطرناک بین الاقوامی اُلجھن میں مبتلا کر رہا ہے۔ دنیا کے مسلمانوں کو اس سے کیا بحث کہ پس پردہ کون تار ہلا رہا ہے۔ وہ تو دیکھتے ہیں کہ عملاً یہی اس وقت امریکا کی پالیسی ہے اور یہودیوں کے زیر اثر اس کی سیاسی طاقت اسی پالیسی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے امریکا کی وہ تمام مالی اور فنی امداد جو وہ مسلمان ملکوں کو دیتا ہے بجائے کوئی good will  [اچھا تاثر] پیدا کرنے کے الٹا اثر مرتب کر رہی ہے۔

 اس کی وجہ سے، مسلمان اس کے باوجود کہ کمیونزم کے مقابلے میں ان کا مفاد مغربی طاقتوں سے متحد ہے، اپنے اندر ان کی حمایت کے لیے کوئی جذبہ نہیں پاتے، بلکہ ان کے دلوں میں کمیونسٹ بلاک سے کچھ کم نفرت مغربی بلاک کے لیے نہیں ہے۔ مسلمان یہ سوچتے ہیں کہ ہم آخر کمیونسٹ بلاک کے مقابلے میں مغربی بلاک کا ساتھ کیوں دیں؟ اگر ہماری عزیز اور محبوب قدریں دونوں کے ہاتھوں سے یکساں طور پر پامال ہوتی ہیں تو ہمارے عمل میں ایک کے مقابلے میں دوسرے کے لیے ہمدردی پیدا ہونے کی کیا معقول وجہ ہے! ایک قوم کے خواص تو اپنے مخصوص مفادات کے لیے سب کچھ کر سکتے ہیں، لیکن ایک قوم کے عوام میں لڑنے کا جذبہ صرف اسی حالت میں ابھرتا ہے،جب کہ وہ اپنی عزیز و محبوب چیزوں کو خطرے میں دیکھتے ہیں، تو ان کو بچانے کے لیے اٹھنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔ مسلمان عوام بہرحال مغربی بلاک کے لیے کرائے کے سپاہی [mercenaries] نہیں بن سکتے کہ محض مالی امداد لے کر وہ ان کی خاطر کمیونسٹ بلاک سے لڑیں۔ وہ اگر سچے جذبے کے ساتھ لڑ سکتے ہیں تو صرف دینی تہذیب، اپنے تمدن اور اپنے عقائد و نظریات کو بچانے کے لیے لڑ سکتے ہیں۔ لیکن اگر اسی چیز کو مغربی طاقتیں اپنی مداخلت یا ریشہ دوانیوں سے مسلمان ممالک میں پا مال کرا دیں، تو پھر انھیں مسلمان قوموں سے کسی تائید کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔ البتہ یہ ہو سکتا ہے کہ نوری السعید [م: ۱۹۵۸ء] اور چیانگ کائی شیک[م:۱۹۷۵ء] کی قسم کے لوگ مختلف مسلمان ملکوں میں کھڑے کر کے وہ کچھ دنوں ان سے فائدہ اٹھاتے رہیں۔

بہرحال یہ تیسری مزاحمت مسلمان ممالک میں اسلام کا احیا چاہنے والوں کے لیے ایک بہت بڑا دردِ سر بنی ہوئی ہے، اور جس کو بھی اس مقصد کے لیے ان ملکوں میں کام کرنا ہو وہ اس کی طرف سے آنکھیں بند نہیں کر سکتا۔ اس کو اپنے حساب میں رکھ کر ہی اسے اپنا پروگرام بنانا ہوگا۔

۳ قریب بھی آیا ہے اور دُور بھی ہٹا ہے۔

 قریب اس لحاظ سے آیا ہے کہ قیامِ پاکستان کے بعد سے اب تک اسلامی نظام کے حق میں مسلسل اتنا کام، اتنے وسیع پیمانے پر ہوا ہے کہ نہ اس سے پہلے اس ملک میں کبھی ہوا تھا اور نہ کسی دوسرے مسلمان ملک میں اس کی کوئی نظیر پائی جاتی ہے۔ ا س کام کی وجہ سے ایک طرف علمی حیثیت سے اسلامی نظام کے تمام گوشے اچھی طرح روشنی میں آ گئے ہیں، اور اب ساون کے چند اندھوں کو چھوڑ کر اس ملک کے ایمان دار اہل علم و اصحابِ فکر میں کوئی ایسا نہیں رہا ہے جو یہ کہہ سکتا ہو کہ ’اسلامی نظام‘ کوئی مبہم سا تخیل ہے جس کا نقشہ ہمارے سامنے واضح نہیں ہے۔ دوسری طرف عوام کے اندر اس مسئلے پر اتنی بیداری پیدا ہو چکی ہے او را س کے حق میں ایسی مضبوط رائے عام تیار ہوگئی ہے کہ اب کسی میں یہ ہمت نہیں ہے کہ وہ کھل کر اس ملک میں لا دینی نظام لانے کا ارادہ ظاہر کرسکے۔

اس کے علاوہ دو چیزیں اور بھی ہیں، جنھوں نے اسلامی نظریے کے لیے یہاں راہ ہموار کرنے میں بہت بڑا حصہ لیا ہے: ایک یہ کہ بے شمار مذہبی اختلافات کے باوجود تمام اہلِ دین شروع سے اب تک اسلامی نظام کے مطالبے اور اس کی اصولی صورت کے بارے میں پوری طرح متفق رہے ہیں۔ دوسرے یہ کہ لا دینی کے حامی مغربیت زدہ طبقے کے ہر عنصر کو پچھلے [تمام عرصے کے دوران] میں یہاں اپنا امتحان دینے کا پورا موقع مل چکا ہے اور انھوں نے اپنا ایسا برا حساب ساری قوم کے سامنے پیش کیا ہے کہ ان کی کوئی اخلاقی ساکھ اب باقی نہیں رہی ہے۔ حقیقتاً قوم اب ان سے پوری طرح مایوس ہو چکی ہے اور ان کے اندر اب کوئی عنصر ایسا نہیں رہ گیا ہے جس کو آزمایش کا موقع دینے کا کوئی سوال پیدا ہوتا ہو۔

دُور اس لحاظ سے ہوا ہے کہ [ان برسوں] میں بر سر اقتدار مغرب پرست طبقے کی مختلف تدبیروں سے اور اس کے بیرونی حامیوں کی مالی امداد اور ’’قومی ترقی‘‘ کے پروگراموں سے قوم کے اخلاق میں اتنا بگاڑ رونما ہو چکا ہے، جتنا آزادی سے پہلے غلامی کی پوری ڈیڑھ صدی میں بھی نہیں ہو سکا تھا۔ تعلیم و تربیت کا ناقص نظام نئی نسل کا ستیا ناس کر چکا ہے اور کرتا چلا جا رہا ہے۔ ’ثقافت‘ کے نئے رنگ ڈھنگ اور اس کے ساتھ ریڈیو، سینما [ ٹیلی ویژن] اور فحش لٹریچر، اونچے طبقوں سے لے کر دیہاتی عوام تک کو رنگیلا اور عیاش اور جرائم پیشہ بنانے میں شب و روز سرگرم ہیں، اور ان کی بدولت اخلاقی پستی کا زہر قوم کی رگ رگ میں اتر گیا ہے۔

اُونچے طبقوں کی بد ترین مثالوں سے متاثر ہو کر عورتوں میں بے پردگی بڑھ رہی ہے۔ مرد و زن کے اختلاط میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بے حیائی کے مظاہروں کا ایک سیلاب امڈا چلا آ رہا ہے، اور ان سب اسباب کے ساتھ مل جل کر ’ضبط ولادت‘ کی تحریک وہ خطرناک ’خدمت‘ا نجام دے رہی ہے، جو ہماری آبادی میں زنا اور اس کے قدرتی نتائج کو نقطۂ عروج پر پہنچا دے گی اور ہمارے عائلی نظام کی جڑیں ہلا ڈالے گی۔

پھر ہمارے سرکاری افسروں اور ملازموں میں، تاجروں اور صنعت کاروں میں اور دوسرے طبقات میں حرام خوری، خیانت، فرض ناشناسی اور آئین و قانون کی بے احترامی ایک وبا کی صورت اختیار کر چکی ہے، جسے روکنے کی ہر تدبیر، مرض میں مزید اضافے ہی کی موجب ثابت ہوئی ہے۔ یہ حالات، ظاہر ہے کہ اسلامی نظریے کے مطابق اصلاح کو روز بروز مشکل سے مشکل تر کرتے چلے جا رہے ہیں۔

۴  سب سے پہلے جس چیز کی ضرورت ہے وہ تو اس ملک میں جمہوریت کی بحالی ہے۔ اس لیے کہ اگر اس ملک کی حیثیت اس گھوڑے کی ہی ہو جس کے منہ میں لگام ڈال کر ہر طاقت ور شخص اس پر زبردستی سوار ہو جائے اور اسے اپنے راستے پر چلانا شروع کر دے، تو ایسی حالت میں گھوڑے غریب کے لیے یہ سوچنا ہی لا حاصل ہے کہ وہ کدھر جانا چاہتا ہے اور اپنی مرضی کے راستے پر جانے کے لیے اسے کیا کرنا چاہیے___ ہمیں سب سے پہلے اس حالت کو بدلنا چاہیے۔

 ہم کو یہاں ایک آزادانہ جمہوری ماحول درکار ہے جس میں اظہار خیال، اجتماع، تنظیم اور سعی و جہد کی آزادی ہو، جس میں ہر شخص اپنے خیالات کے مطابق رائے عام کو ہموار کرنے کی کوشش کر سکے۔ جس میں رائے عام کا کسی نظریے کے حق میں ہموار ہو جانا ہی اُس نظریے کے مطابق قیادت میں تبدیلی ہو جانے کے لیے کافی ہو، اور جس میں قیادت کی تبدیلی کے لیے ایک پُرامن آئینی راستہ موجود ہو۔ ایسے ماحول میں تو یہ ممکن ہے کہ میں اپنے نظریے کو بروئے کار لانے کے لیے کچھ اقدامات سوچ سکوں، انھیں بیان کر سکوں، لوگ ان کے صحیح یا غلط ہونے کے متعلق کوئی رائے قائم کر سکیں، اور جن کے نزدیک وہ صحیح ہوں وہ میرے ساتھ مل کر عملاً ان اقدامات کے لیے کوشش کر سکیں۔ لیکن اگر یہ ماحول موجود نہ ہو تو میرا اور آپ کا کسی قسم کے اقدامات کو سوچنا بے کار ہے۔ پھر تو سوچنا صرف ان لوگوں کا کام ہے جو گھوڑے پر سوار ہونے کی طاقت رکھتے ہوں۔

یہ لازمی اور ابتدائی شرط پوری ہونے کے بعد جو اقدامات اس نظریے کو بروئے کار لانے کے لیے درکار ہیں، وہ تین بڑے بڑے شعبوں پر مشتمل ہونے چاہییں، یا دوسرے الفاظ میں اس مقصد کے لیے بیک وقت تین سمتوں میں متوازن طریقے سے کوشش کی جانی چاہیے:

  • ایک، تبلیغ و تعلیم او رتعمیر فکر___ اس سے میری مراد یہ ہے کہ ہم اپنے ملک کی آبادی کو وسیع اور عمیق پیمانے پر اسلام کے عقائد، اصول، احکام اور اخلاقی و عملی تقاضوں سے آگاہ کریں۔ غیر اسلامی نظریات و افکار اور نظام زندگی کے جو اثرات ان کے ذہن میں تھوڑے یا بہت اتر گئے ہیں ان کو صاف کریں۔ مختلف ذہنی طبقات کو ان کی استعداد کے مطابق یہ سمجھائیں کہ اسلام کے مطابق ہماری زندگی کے مختلف شعبوں کی تشکیل کس طرح ہونی چاہیے اور مختلف مسائل حیات کو کیسے حل کرنا چاہیے۔
  • دوسرے، اصلاح اخلاق ___ یعنی لوگوں کی عملی زندگی کو اسلام کے تقاضوں کے مطابق درست کرنا اور ان غیر اسلامی اثرات کو عملاً ان کی زندگی سے خارج کرنا جو جہالت و جاہلیت کی وجہ سے یا قدیم غیر اسلامی تقالید کے باعث یا مغربی تہذیب و تمدن کی بدولت ان کے اندر پھیلے ہوئے ہیں۔
  • تیسرے، نظام حکومت کی اصلاح___ تاکہ حکومت کے ذرائع و وسائل اور اس کے قوانین اور اس کے انتظامی اختیارات اسلام کے مطابق ہماری زندگی کی تعمیر نو میں استعمال ہو سکیں، اور بالآخر ہم دنیا میں اس مشن کو پورا کرنے کے قابل ہو جائیں جو ایک امت مسلمہ ہونے کی حیثیت سے اللہ تعالیٰ نے ہمارے سپرد کیا ہے۔
  • ان تینوں شعبوں میں جس نوعیت کا کام درکار ہے، اس پر غور کرنے سے خود بخود آپ ایک چوتھی چیز کی ضرورت بھی محسوس کر لیں گے جس کے بغیر یہ کام نہیں ہو سکتا، اور وہ یہ ہے کہ ایک گروہ ہمارے اندر ایسا ہو جو اس کام کو انجام دینے کے لیے مخلص، صحیح الفکر اور صالح العمل کارکنوں پر مشتمل ہو۔ وہ منظم طریقے سے اس مقصد کے لیے سعی و جہد کرے، وہ خود اپنے کارکنوں کی اصلاح و تربیت کی طرف بھی متوجہ رہے اور کام کی وسعت کے ساتھ ساتھ مزید کار کن بھی پیدا کرتا رہے۔

سوال کا آخری حصہ بڑی تفصیلی بحث چاہتا ہے جس کا یہاں موقع نہیں ہے۔ مختصر طور پر بس یہ سمجھ لیجیے کہ ہماری پوری قومی زندگی پر اس نظریے کے یہ اثرات مرتب ہونے چاہییں کہ ہم ’من حیث القوم‘ دنیا میں دین حق کے سچے نمائندے بن کر کھڑے ہو سکیں۔ آج تو یہ ہمارا محض دعویٰ ہی ہے کہ ہم ایک مسلمان قوم ہیں، ورنہ عملاً ہم اپنی زندگی کے ہر شعبے میں وہی سب کچھ کررہے ہیں جو کوئی غیر مسلم قوم کرتی ہے، بلکہ ہماری کوشش یہ ہے کہ یورپ اور امریکا کے لوگ ہمیں بالکل اپنے ہی جیسا پائیں اور ہم کو اپنی نقل مطابق اصل دیکھ کر داد دیں۔ لیکن اسلامی نظام زندگی کو شعوری طور پر اختیار کرنے کا نتیجہ لازماً یہ ہونا چاہیے کہ ہمارے اخلاق اور معاشرت میں، تہذیب و تمدن میں، ادب اور فنون میں، معیشت اور مالی معاملات میں، قانون اور عدالت میں، سیاست اور بین الاقوامی رو یے میں، غرض ہماری ہر چیز میں اسلام کا اثر اتنا نمایاں ہو کہ کتابوں کو پڑھنے کے بجائے صرف ہمیں دیکھ کر ہی دنیا یہ جان لے کہ اسلام کیا ہے اور وہ انسان کو کیا کچھ بنانا چاہتا ہے۔