November 21st, 2024 (1446جمادى الأولى19)

تندرستی ہزار نعمت ہے

تندرستی ہزار نعمت ہے

جسمانی طور پہ چاق و چوبند ہونے  کی اہمیت کے بارے میں جتنا بیان  کیا جاۓ  تھوڑا ہوگا - آج کل کے معاشرے میں جہاں زیادہ وقت  بیٹھے رہنے کا ہی رجحان پیدا ہوتا جا رہا ہے اس بات کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے کے ہم اپنی جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ کریں تاکہ دل کی بیماریوں اور وزن میں اضافے کو قابو میں کیا جا سکے -

چاق و چوبند ہونے کے فائدے 

 چاق و چوبند ہونے کا مطلب ہے آپکا جسم اپنے کام اور افعال بہتر طریقے سے کرنے کے قابل ہو سکے - با قاعدگی سے ورزش کرنے سے آپ کے دل اور پھپھڑے زیادہ اچھی طرح اپنا کام سرانجام دینے کے قابل ہو جا تے ہیں اور آپکے حراروں کے زیادہ استعمال ہونے سے آپ کا وزن بھی قابو میں رہتا ہے - ورزش ہمارے پھٹوں کو مضبوط اور جوڑوں میں زیادہ لچک پیدا کرتی ہے - ورزش دل کی بیماریوں کے خطرے کو بھی کم کرتی ہے جو کہ اس وقت امریکہ میں اموات کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے -اس سے دل کے دورے ،ذیابیطس ، کولوں کینسر اور فشارخون ( بلڈ پریشر ) کے خطرے بھی کم ہو جا تے ہیں- در حقیقت باقاعدگی سے ورزش کرنے سے آپ کے ڈاکٹر اور ہسپتال کے چکر بھی کم ہو جاتے ہیں-

یہ بہت اہم بات ہے کہ ورزش کوئی خوفناک یا بور چیز نہ بن جاۓ بلکہ اس سے آپکی زندگی کو خوشگوار بننا چاہیے  - اس کے زریعے  آپکے ڈپریشن ، تناؤ اور پریشانیوں میں کمی آنی چاہیے- آپ ان ورزشوں کا انتخاب کریں جن میں آپکو مزہ آئے  اور کسی ساتھی کو بھی ساتھ شامل کرلیں تاکہ یہ سرگرمیاں اور پرلطف بن جائیں- 

کون سی سرگرمیاں فائدہ مند ہوتی ہیں؟ 

یہ اہم نہیں ہے کہ آپ کیا کررہے ہیں اہم یہ ہے کے آپ کچھ نہ کچھ کرتے رہیں - کسی بھی قسم کی متعدل سرگرمی جیسے چلنا ،تیرنا ،سائکل چلانا یا مختلف طرح کے کھیل کود آپکے جسم کو چاق و چوبند رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں- آپ اپنے جم میں جا کر دیکھیں کے وہاں کس قسم کی سرگرمیاں دستیاب ہیں-

کسی بھی ورزش کو شروع کرنے سے پہلے پانچ سے دس منٹ کا وارم اپ اور پھر چند منٹ جسم کو لچک دینے والی ورزش ضرور کریں تک آپ کا جسم اصل ورزش کے لئے تیار ہو جاۓ- بیس سے تیس منٹ تک ورزش کرنے کے بعد پھر پانچ سے دس منٹ تک جسم کو ڈھیلا اور پرسکون کر کے ورزش کا اختمام کریں -

جسمانی سرگرمیوں کی ضرورت کس کو ہوتی ہے ؟ 

ہر ایک کو ! اپنی پوری عمر چاق و چوبند رہنا ہم میں سے ہر ایک کے لئے ضروری ہے- ادھیڑعمری آنے سے پہلے ایک متوازن ورزش کا شیڈول بنا کر زندگی گزارنا اس لحاظ سے بہت اہم ہے  کہ یہی وہ وقت ہوتا ہے جب آپ  ان ورزشوں کے ذریے اپنے وزن کو قابو میں رکھ سکتے ہیں ، ہڈیوں کو مظبوط  بنا سکتے ہیں  اور اپنے آپ کو بہت سے بیماریوں جیسے بلڈ پریشر اور دل کی  بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں-   اور آخر میں ایک اہم بات - ورزش ہمیشہ اعتدال سے کریں- جسم کواسکی حد سے زیادہ نہ تھکائیں - ماہرین کی رائے کے مطابق پورے ہفتے کے دوران مختلف نوعیت کی ورزشیں مناسب وقفوں کے ساتھ کرنا ہی ہمارے جسم کے لئے مناسب ہوتا ہے