December 21st, 2024 (1446جمادى الثانية19)

برمی مسلمانوں کے خلاف شیاطین کا گٹھ جوڑ

 بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے ملک اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر طرح طرح کے مظالم ڈھانے اور انتہا پسندوں کے ہاتھوں بہانے بہانے سے مسلمانوں کو تنگ کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ اپنے ان تجربات سے برما کی حکمران آن سانگ سوچی کو آگاہ کرنے اور مشورے دینے کے لیے نریندر مودی برما پہنچے اور سوچی سے تبادلہ خیال کیا۔ اس کے بعد ہی سوچی نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان مظالم کو جھوٹ قرار دے دیا جو پوری دنیا کھلی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے۔ سوچی کا کہنا ہے کہ کوئی ظلم نہیں ہو رہا اور مودی نے بھی اس کی تائید کردی اور بھارت سے روہنگیا مسلمان تارکین وطن کو نکالنے کا اعلان کردیا۔ کچھ لوگ کسی نہ کسی طرح آگ کادریا عبور کر کے بھارتی پنجاب تک پہنچے ہیں ورنہ تو زیادہ تر پڑوسی ملک بنگلا دیش میں داخل ہوئے ہیں ۔

وہاں بھی نریندر مودی کی ہم فکر اور ایک طرح سے باجگزار حسینہ واجد کی حکومت ہے چنانچہ اس کا رویہ بھی ان مظلوموں سے ہمدردانہ نہیں ہے۔ جبکہ برمی حکومت کا موقف ہے کہ یہ روہنگیا مسلمان بنگلا دیش ہی سے آئے ہیں۔ یہ ایک بہت بڑا جھوٹ ہے کیوں کہ یہ مسلمان صدیوں سے اراکان کے علاقے میں آباد ہیں بلکہ یہاں ان کی حکومت بھی رہی ہے۔ نریندر مودی نے بھی برمی حکومت کے اس موقف کی تائید کی کہ روہنگیا مسلمانوں نے برمی فوج پر حملہ کیا تھا۔ اگر یہ سچ بھی ہو تو یہ بتایا جائے کہ کتنے فوجی مارے گئے اور کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ مسلمانوں کی نسل کشی شروع کردی جائے اور لاکھوں افراد کو بے وطن کردیا جائے۔ نریندر مودی برما کا دورہ کرنے سے پہلے اسرائیل بھی جاچکے ہیں اور وہاں بھی مسلمانوں کو کچلنے کے تجربات کا تبادلہ کیا گیا ہوگا کیوں کہ اسرائیل جو کچھ فلسطین میں کررہا ہے وہی کچھ نریندر مودی کی فوج مقبوضہ کشمیر میں کررہی ہے۔ اب یہ اطلاع ہے کہ روہنگیوں کے قتل میں اسرائیلی اسلحہ استعمال کیا جارہا ہے۔ آنگ سان سوچی جن مظالم کو جھوٹ قرار دے رہی ہے اس کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو کا کہنا ہے کہ انسانیت سوز مظالم سے ہر شخص باخبر ہے، مظالم جاری رہے تو پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا، میانمر مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن بند کرے اور مسلمانوں کو برما کی شہریت دی جائے۔

دریں اثنا پرتشدد واقعات میں مزید درجنوں مسلمان شہید ہوگئے، بنگلا دیش جاتے ہوئے تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی۔ میانمر کی فوج نے روہنگیا مسلمانوں کے لیے بارودی سرنگیں بچھا دیں تاکہ زندہ نہ جاسکیں۔ دھماکوں میں بھی متعدد جاں بحق ہوگئے۔ صاف ظاہر ہے کہ اس وقت برمی مسلمانوں کے خلاف سوچی حکومت کے ساتھ امریکا، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ہوگیا ہے۔ بلیک واٹر طرز کی اسرائیلی کمپنی متاثرہ صوبے میں برمی اسپیشل فورسز کی تربیت کررہی ہے۔امریکا کا مسئلہ یہ ہے کہ متاثرہ برمی صوبے میں چین نے انرجی پروجیکٹس لگا رکھے ہیں امریکا ان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ اس صورت حال میں تمام مسلم ممالک محض تماشا دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان میں دعائے قنوت نازلہ پڑھی جارہی ہے، کمزور اقوام یہی کرسکتی ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد بے مقصد لگتا ہے، برما میں مظالم پر خاموشی تشویش ناک ہے۔ سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ اسلامی دنیا میانمر کے سفیروں کو اپنے ممالک سے بے دخل کرے۔ کم از کم اتنا تو کرسکتے ہیں مگرہم محض مذمت کرنے پر اکتفا کررہے ہیں۔ ترکی نے اتنا کیاہے کہ اجازت ملنے پر مظلوم مسلمانوں کے لیے امدادی سامان بھیج دیا ہے۔فرمان رسولؐ کے مطابق مسلمان وہن کی بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں اور بڑی تعداد کے باوجود ان کی حیثیت سمندر کے جھاگ کی طرح ہے۔