قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی جانب سے عالم انسانیت پربے شمار احسانات میں سے نہ صرف ایک عظیم احسان ہے بلکہ امت مسلمہ کے لیے بالخصوص اور دیگر اقوام عالم کے لیے اپنی بے پایاں محبت و رحمت کا اظہار بھی ہے۔ اللہ تعالیٰ یہ چاہتے ہیں کہ لوگ اس سے مکمل رہنمائی حاصل کریں، اپنے مقصد وجود کو پہچانیں اور اپنی منزل کا تعین کریں اور اس کے حصول کے لیے وہ طریقۂ کار اختیار کریں جس سے اس کا حصول یقینی ہو۔ جس کے نتیجے میں ہمارا رب ہم سے راضی ہو اور ہم اس کی ابدی اور دائمی جنت کے مستحق ٹھیریں جس کا اس نے ہم سے وعدہ کر رکھا ہے۔ بدقسمتی سے انسان نے بحیثیت مجموعی جو رویہ اور طرز عمل اختیار کیا اور کر رہے ہیں وہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج امت مسلمہ قہر و غضب اور ذلت و رسوائی کا شکار ہے اور دیگر اقوامِ عالم وحشت و سفاکیت اور دہشت و درندگی کا نمونہ پیش کر رہی ہیں۔اللہ تعالیٰ نے بعض لوگوں کے سخت رویے اور برے طرز عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کے دلو ں پر مہر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس لیے کہ ایسے لوگ خود ہی اپنے لیے ہدایت کے دروازے بند کر دیتے ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ وہ کون سا رویہ اور طرزِعمل ہے اور وہ کون لوگ ہیں کہ جن کے دلوں پر اللہ تعالیٰ ٹھپہ لگا دیتے اور جس کے بعد ان سے بہت ہی کم خیر کی توقع اور ہدایت کی اُمید کی جاسکتی ہے۔
۞ ھٹ دہرم اور ضدی: وہ لوگ جو ہٹ دھرم،جاہل اور ضدی ہوتے ہیں اور کسی دوسرے کی بات غور سے سننا اور تسلیم کرنا گوارا نہیں کرتے، چاہے بات مبنی برحقیقت ہو۔ اگر کوئی واضح نشانی بھی موجود ہو تو ایسا انتہا پسندانہ اور فاسقانہ رویہ اختیار کرنے والوں کے دلوں پر اللہ تعالیٰ مہر ثبت کر دیتے ہیں ۔ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَ لَقَدْ ضَرَبْنَا لِلنَّاسِ فِیْ ھٰذَا الْقُرْاٰنِ مِنْ کُلِّ مَثَلٍ ط وَ لَءِنْ جِءْتَھُمْ بِاٰیَۃٍ لَّیَقُوْلَنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْٓا اِنْ اَنْتُمْ اِلَّا مُبْطِلُوْنَ oکَذٰلِکَ یَطْبَعُ اللّٰہُ عَلٰی قُلُوْبِ الَّذِیْنَ لَا یَعْلَمُوْنَ o(الروم ۳۰:۵۸۔۵۹)، اور ہم نے اس قرآن میں لوگوں کو طرح طرح سے سمجھایا ہے تم خواہ ان کے پاس کوئی نشانی لے کر آؤ جن لوگوں نے ماننے سے انکار کر دیا ہے (یعنی ہٹ دھرمی اور ضد پر اتر آئے ہیں)وہ یہی کہیں گے کہ تم ہی باطل پر ہو۔ اس طرح اللہ ٹھپہ لگا دیتا ہے ان لوگوں کے دلوں پر جو بے علم ہیں۔
آیات قرآنی کو جھٹلانے اور حد سے گزر جانے والوں کے بارے میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
تِلْکَ الْقُرٰی نَقُصُّ عَلَیْکَ مِنْ اَنْبَآءِھَا وَ لَقَدْ جَآءَ تْھُمْ رُسُلُھُمْ بِالْبَیِّنٰتِ فَمَا کَانُوْا لِیُؤْمِنُوْا بِمَا کَذَّبُوْا مِنْ قَبْلُ کَذٰلِکَ یَطْبَعُ اللّٰہُ عَلٰی قُلُوْبِ الْکٰفِرِیْنَ oوَمَا وَجَدْنَا لِاَکْثَرِھِمْ مِّنْ عَھْدٍ وَ اِنْ وَّجَدْنَآ اَکْثَرَھُمْ لَفٰسِقِیْنَo(الاعراف ۷: ۱۰۱۔۱۰۲)، یہ قومیں جن کے قصے ہم تمھیں سنا رہے ہیں (تمھارے سامنے مثال میں موجود ہیں) ان کے رسول ان کے پاس کھلی کھلی نشانیاں لے کر آئے مگر جس چیز کو وہ ایک دفعہ جھٹلا چکے تھے پھر اسے وہ ماننے والے نہ تھے۔دیکھو اس طرح ہم منکرین حق کے دلوں پر مہر لگا دیتے ہیں۔ہم نے ان میں سے اکثر میں کوئی پاسِ عہدنہ پایابلکہ اکثر کو فاسق ہی پایا۔
ثُمَّ بَعَثْنَا مِنْم بَعْدِہٖ رُسُلًا اِلٰی قَوْمِھِمْ فَجَآءُ وْھُمْ بِالْبَیِّنٰتِ فَمَا کَانُوْا لِیُؤْمِنُوْا بِمَا کَذَّبُوْا بِہٖ مِنْ قَبْلُ ط کَذٰلِکَ نَطْبَعُ عَلٰی قُلُوْبِ الْمُعْتَدِیْنَ o(یونس ۱۰:۷۴)، پھر(نوحؐ) کے بعد ہم نے مختلف پیغمبروں کو ان کی قوموں کی طرف بھیجا اور وہ ان کے پاس کھلی کھلی نشانیاں لے کر آئے مگر جس چیز کو انھوں نے پہلے جھٹلا دیا تھا اسے پھر مان کر نہ دیا۔ اسی طرح ہم حدسے گزر جانے والوں کے دلوں پر ٹھپہ لگا دیتے ہیں۔
۞ حد سے تجاوز کرنے والا، جہگڑالو اور متکبر: وہ لوگ جو مسرف، مرتاب، مجادل، متکبّر اور جباّر ہوتے ہیں۔ ان لوگوں جیسا روّیہ اور طرز عمل اختیار کرنے والوں کے دلوں پر بھی اللہ تعالیٰ مہر لگا دیتے ہیں۔ارشاد خدا وندی ہے:
کَذٰلِکَ یُضِلُّ اللّٰہُ مَنْ ھُوَ مُسْرِفٌ مُّرْتَابُ نِ oالَّذِیْنَ یُجَادِلُوْنَ فِیْٓ اٰیٰتِ اللّٰہِ بِغَیْرِ سُلْطٰنٍ اَتٰھُمْ ط کَبُرَ مَقْتًا عِنْدَ اللّٰہِ وَعِنْدَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا ط کَذٰلِکَ یَطْبَعُ اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ قَلْبِ مُتَکَبِّرٍ جَبَّارٍ o(المؤمن۴۰:۳۴۔۳۵)، اسی طرح اللہ تعالیٰ ان سب لوگوں کو گمراہی میں ڈال دیتا ہے جو حد سے گزرنے والے اور شکّی ہوتے ہیں اور اللہ کی آیات میں جھگڑتے ہیں بغیر اس کے کہ ان کے پاس کوئی سند یا دلیل آئی ہو ۔یہ رویہ اللہ اور ایمان لانے والوں کے نزدیک سخت مبغوض ہے۔ اسی طرح اللہ ہرمتکبر و جبّار کے دل پر مہر (ٹھپّہ) لگا دیتا ہے۔
واضح رہے کہ ● مسرف: حد سے تجاوز کرنے والے کو کہتے ہیں،یعنی مسرف وہ شخص ہوتا ہے جو شریعت کی قائم کردہ حدود سے تجاوز کرتا ہے۔ ●مرتاب: شک کرنے والے اور شک میں ڈالنے والے کو کہتے ہیں۔مرتاب وہ شخص ہوتا ہے جو اللہ کی آیات اور احکام کے سلسلے میں خود شکّی ہوتا ہے اور دوسرں کو بھی شک میں ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ ●مجادل:جھگڑالو،کج بحثی کرنے والے اورمیں نہ مانوں کا رویہ اختیار کرنے والے کو کہتے ہیں۔ ●متکبر: وہ شخص ہوتا ہے جوخود کو بڑا جانتا اور دوسروں سے بڑا منوانے کی کوشش کرتا ہے،یعنی خود کو بڑا جان کر اللہ کی آیات کا انکار کر دیتا ہے۔ ●جبّار: اپنی طاقت اور قوت کے بل بوتے پر دوسروں کو زیر کرنے کی کوشش کرنے والا، یعنی اللہ اور اس کے رسولؐ کی مرضی کے مقابلے میں اپنی مرضی دوسروں پر مسلّط کرنے والے کو کہتے ہیں۔
۞ عھد فراموش اور قتلِ ناحق کا مرتکب: نقضِ میثاق،تکفیرِ آیات،قتلِ ناحق اور بہتان لگانے والوں کے دلوں پر بھی اللہ تعالیٰ ٹھپّہ لگا دیتے ہیں۔ ارشاد ربّانی ہے:
فَبِمَا نَقْضِھِمْ مِّیْثَاقَھُمْ وَکُفْرِھِمْ بِاٰیٰتِ اللّٰہِ وَ قَتْلِھِمُ الْاَنْبِیَآءَ بِغَیْرِ حَقٍّ وَّقَوْلِھِمْ قُلُوْبُنَا غُلْفٌ ط بَلْ طَبَعَ اللّٰہُ عَلَیْھَا بِکُفْرِھِمْ فَلَا یُؤْمِنُوْنَ اِلَّا قَلِیْلًا oوَّ بِکُفْرِھِمْ وَ قَوْلِھِمْ عَلٰی مَرْیَمَ بُھْتَانًا عَظِیْمًاo(النساء۴:۱۵۵ تا۱۵۶)، آخر کار ان کی عہد شکنی کی وجہ سے۔اور اس وجہ سے کہ انھوں نے اللہ کی آیات کو جھٹلایااور متعدد پیغمبروں کو نا حق قتل کیااور یہاں تک کہا کہ ہمارے دل غلافوں میں محفوظ ہیں۔ اور پھر اپنے کفر میں یہ اتنے بڑھے کہ مریم ؑ پرسخت بہتان لگا دیا حالانکہ درحقیقت اِن کی باطل پرستی کے سبب سے اللہ نے ان کے دلوں پر ٹھپّہ لگا دیا ہے اور اسی وجہ سے یہ بہت کم ایمان لاتے ہیں۔
ایسے ہی منکرینِ حق کے سلسلے میں اللہ تعالیٰ نے سورۂ بقرہ میں ارشاد فرمایا:
اِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا سَوَآءٌ عَلَیْھِمْ ءَ اَنْذَرْتَھُمْ اَمْ لَمْ تُنْذِرْھُمْ لاَ یُؤْمِنُوْنَ oخَتَمَ اللّٰہُ عَلٰی قُلُوْبِھِمْ وَ عَلٰی سَمْعِھِمْ وَ عَلٰٓی اَبْصَارِھِمْ غِشَاوَۃٌ وَّلَھُمْ عَذَابٌ عَظِیْمٌ o(البقرہ ۲:۶۔۷)، بے شک جن لوگوں نے انکار کیا (ان باتوں کو تسلیم کرنے سے ) ان کے لیے یکساں ہے خواہ تم انھیں خبردار کرو یا نہ کرو۔ بہر حال وہ ماننے ولے نہیں ہیں۔اللہ نے ان کے دلوں اوران کے کانوں پر مہر لگا دی ہے اور ان کی آنکھوں پر پردہ پڑ گیا ہے۔ وہ سخت سزا کے مستحق ہیں۔
۞ جھاد سے رُوگردانی: وہ لوگ جو جہاد سے رُوگردانی کرنے والے ہوں، جو شریک ہونے کی قدرت کے باوجود شرکت پر آمادہ نہ ہوں، ایسے لوگوں کے دلوں پر بھی اللہ تعالیٰ مہر ثبت کردیتے ہیں۔ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَ اِذَآ اُنْزِلَتْ سُوْرَۃٌ اَنْ اٰمِنُوْا بِاللّٰہِ وَ جَاھِدُوْا مَعَ رَسُوْلِہِ اسْتَاْذَنَکَ اُولُوا الطَّوْلِ مِنْھُمْ وَ قَالُوْا ذَرْنَا نَکُنْ مَّعَ الْقٰعِدِیْنَoرَضُوْا بِاَنْ یَّکُوْنُوْا مَعَ الْخَوَالِفِ وَ طُبِعَ عَلٰی قُلُوْبِھِمْ فَھُمْ لَا یَفْقَھُوْنَ o(التوبہ ۹: ۸۶۔۸۷)، جب کبھی کوئی سورۃ اس مضمون کی نازل ہوئی کہ اللہ کو مانو اور اس کے رسولؐ کے ساتھ مل کر جہاد کرو تو آپؐ نے دیکھا کہ جو لوگ ان میں سے صاحبِ مقدرت تھے وہی تم سے درخواست کرنے لگے کہ انہیں جہاد کی شرکت سے معاف رکھا جائے اور انھوں نے کہا کہ ہمیں چھوڑدیجیے ہم بیٹھنے والوں کے ساتھ ہیں۔ان لوگوں نے گھر بیٹھنے والیوں میں شامل ہونا پسند کیا۔ اور ان کے دلوں پر ٹھپّہ لگا دیا گیا،اس لیے ان کی سمجھ میں اب کچھ نہیں آتا۔
دوسری جگہ ارشاد فرمایا:
اِنَّمَا السَّبِیْلُ عَلَی الَّذِیْنَ یَسْتَاْذِنُوْنَکَ وَ ھُمْ اَغْنِیَآءُ رَضُوْا بِاَنْ یَّکُوْنُوْا مَعَ الْخَوَالِفِ وَ طَبَعَ اللّٰہُ عَلٰی قُلُوْبِھِمْ فَھُمْ لَا یَعْلَمُوْنَo(التوبہ۹:۹۳)، البتہ اعتراض تو ان لوگوں پر ہے جو مالدار ہیں اور پھر بھی آپؐ سے درخواست کررہے ہیں کہ انھیں شرکت جہاد سے معاف رکھا جائے۔ انھوں نے گھر بیٹھنے والیوں میں شامل ہونا پسند کیا اور اللہ نے ان کے دلوں پر ٹھپّہ لگا دیااس لیے اب یہ کچھ نہیں جانتے (کہ اللہ کے ہاں ان کی اس روش کا کیا نتیجہ نکلنے والا ہے)
۞ مرتد اور دنیا پرست: مرتد اور دنیا پرست لوگوں کے دلوں پر اللہ تعالیٰ مہر ثبت کردیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:
مَنْ کَفَرَ بِاللّٰہِ مِنْم بَعْدِ اِیْمَانِہٖٓ اِلَّا مَنْ اُکْرِہَ وَ قَلْبُہٗ مُطْمَءِنٌّم بِالْاِیْمَانِ وَلٰکِنْ مَّنْ شَرَحَ بِالْکُفْرِ صَدْرًا فَعَلَیْھِمْ غَضَبٌ مِّنَ اللّٰہِ وَ لَھُمْ عَذَابٌ عَظِیْمٌ oذٰلِکَ بِاَنَّھُمُ اسْتَحَبُّوا الْحَیٰوۃَ الدُّنْیَا عَلَی الْاٰخِرَۃِ وَ اَنَّ اللّٰہَ لَا یَھْدِی الْقَوْمَ الْکٰفِرِیْنَ oاُولٰٓءِکَ الَّذِیْنَ طَبَعَ اللّٰہُ عَلٰی قُلُوْبِھِمْ وَ سَمْعِھِمْ وَ اَبْصَارِھِمْ وَ اُولٰٓءِکَ ھُمُ الْغٰفِلُوْنَ o(النحل۱۶:۱۰۶ تا ۱۰۸)، جو شخص ایمان لانے کے بعد کفر کرے (وہ اگر) مجبور کیا گیا ہو اور اس کا دل ایمان پر مطمئن ہو (تب تو خیر ہے)۔ مگر جس نے دل کی رضا مندی سے کفر کو قبول کرلیا اس پر اللہ کا غضب ہے اور ایسے سب لوگوں کے لیے بڑا عذاب ہے۔ یہ اس لیے کہ انھوں نے آخرت کے مقابلے میں دنیا کی زندگی کو پسند کر لیا اور اللہ کا قاعدہ ہے کہ وہ ان لوگوں کو راہِ نجات نہیں دکھاتا جو اس کی نعمت کا کفران کریں۔یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں، کانوں اورآنکھوں پر اللہ نے مہر لگا دی ہے۔اور یہ غفلت میں ڈوب چکے ہیں۔
اِتَّخَذُوْٓا اَیْمَانَھُمْ جُنَّۃً فَصَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ ط اِِنَّھُمْ سَآءَ مَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ oذٰلِکَ بِاَنَّھُمْ اٰمَنُوْا ثُمَّ کَفَرُوْا فَطُبِعَ عَلٰی قُلُوْبِھِمْ فَھُمْ لاَ یَفْقَہُوْنَ o(المنافقون۶۳:۲۔۳)، انھوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا رکھا ہے اور اس طرح یہ لوگ اللہ کے راستے سے خود رُکتے اور دوسرں کو روکتے ہیں کیسی بری حرکتیں ہیں جو یہ لوگ کر رہے ہیں۔یہ سب کچھ اس وجہ سے ہے کہ ان لوگوں نے ایمان لا کر پھر کفر کیا اس لیے ان کے دلوں پر مہر لگا دی گئی۔ اب یہ کچھ نہیں سمجھتے۔
۞نفس پرست : وہ لوگ جو اپنی نفسانی خواہشات کو اپنا معبود بناتے ہیں اور انھی کی پیروی کرتے ہیں وہ بھی دل پر مہر کے سزاوار ٹھیرتے ہیں۔چنانچہ ارشادِپاک ہے:
اَفَرَءَ یْتَ مَنِ اتَّخَذَ اِِلٰہَہٗ ہَوَاہُ وَاَضَلَّہُ اللّٰہُ عَلٰی عِلْمٍ وَّخَتَمَ عَلٰی سَمْعِہٖ وَقَلْبِہٖ وَجَعَلَ عَلٰی بَصَرِہٖ غِشٰوَۃً ط فَمَنْ یَّھْدِیْہِ مِنْم بَعْدِ اللّٰہِ ط اَفَلاَ تَذَکَّرُوْنَ o(الجاثیہ ۴۵:۲۳)، پھر کیا آپؐ نے کبھی اس شخص کے حال پر بھی غور کیاجس نے اپنی خواہش نفس کو اپنامعبود بنا لیا اور اللہ نے علم کے باوجود اسے گمراہی میں پھینک دیااور اس کے دل اور کانوں پر مہر لگا دی اوراس کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیا؟ اللہ کے بعد اب اور کون ہے جو اسے ہدایت دے؟کیا تم لوگ کوئی سبق نہیں لیتے؟
وَمِنْھُمْ مَّنْ یَّسْتَمِعُ اِِلَیْکَ حَتّٰی.ٓ اِِذَا خَرَجُوْا مِنْ عِنْدِکَ قَالُوْا لِلَّذِیْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ مَاذَا قَالَ اٰنِفًا اُوْلٰٓءِکَ الَّذِیْنَ طَبَعَ اللّٰہُ عَلٰی قُلُوْبِھِمْ وَاتَّبَعُوٓا اَہْوَآءَ ھُمْ o(محمدؐ ۴۷:۱۶)،ان میں سے کچھ لوگ ایسے ہیں جو کان لگاکر آپؐ کی بات سنتے ہیں اور پھر جب آپؐ کے پاس سے نکلتے ہیں تو ان لوگوں سے جنھیں علم کی نعمت بخشی گئی ہے پوچھتے ہیں کہ ابھی ابھی انھوں نے کیا کہا تھا؟ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں پر اللہ نے ٹھپّہ لگا دیا اور یہ اپنی خواہشات کے پیروبنے ہوئے ہیں۔
یہ ہے دراصل ان لوگوں کی سوچ وفکر،روّیہ اورطرزِ عمل جس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ دلوں پر مہر ثبت کر دیتے ہیں۔اورپھر انسان کے لیے ہدایت و ضلالت،خیروشر اور حق و باطل کے درمیان فرق کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں پاکیزہ سوچ و فکر،صحیح رویہ اپنانے اور درست طرزِعمل اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمیں اس سے بھی محفوظ رکھے کہ ہم کوئی ایسا رویہ اختیار کریں، یا ہمارے اندر کوئی ایسی صفت پیدا ہوجائے کہ خدانخواستہ اُن لوگوں کے مشابہ ہوجائیں جن کے دلوں پر اللہ نے مہر لگائی ہے۔ اللہ ہمیں اس سے اپنی پناہ میں رکھے۔ آمین!