April 24th, 2025 (1446شوال25)

نوجوان خواتین جماعت اسلامی کا حصہ بن کر اسلامی نظام کی جدوجہد میں شریک ہوں- ڈاکٹر حمیرا طارق

لاہور میں سابقات جمعیت کی عید ملن پارٹی سے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان اور دیگر کا خطاب

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ پر عزم نوجوان خواتین امید کی کرن ہیں جن کی شخصیت انقلابی خوبیوں سے مزین ہے۔ نوجوان خواتین جماعت اسلامی کا حصہ بن کر اسلامی نظام کی بابرکت جدوجہد میں شامل ہو جائیں- ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے لاہور میں جمعیت کی سابقہ اراکین کی عید ملن سے اپنے خطاب میں کیا-
انہوں نے کہا کہ زمانہ طالب علمی میں جمعیت طالبات سے وابستہ  طالبات کے کردار کی تربیت پوری زندگی کے لیے مشعل راہ ہے-انہوں نے جمعیت سے فارغ ہونے والی طالبات کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دی اور کہا کہ آپ کی شرکت اسلامی انقلاب کی جدوجہد میں نئ تڑپ پیدا کرے گی- 
انھوں نے مذید کہا کہ جماعت اسلامی ایک اعتدال پسند جماعت ہے ، جو اپنے ارکان و کارکنان کو قرآن و سنت کے راستے کا داعی بننے کے لیے تا حیات اپنے سسٹم میں سمو لیتی ہے- دعوت دین کے لیے اندرونی اتفاق و اتحاد لازمی جزو ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے کہا کہ امیدواران اور فارغ التحصیل نوجوان خواتین بھی جماعت اسلامی کی رکنیت کے لیے درخواست دے سکتی ہیں اور جماعت اسلامی کا عملی حصہ بن کر انفرادی اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے دعوت دین  کے پھیلاؤ میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں- بعد ازاں ڈپٹی سیکرٹری  ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے پروفیسر خورشید احمد کی سوانح حیات پر روشنی ڈالی انھوں نے پروفیسر خورشید احمد اور رکن زینب معراج کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کروائ-اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں بھی موجود تھیں۔ عید ملن میں سابقات جمیت کی بڑی تعداد نے شرکت کی_