October 23rd, 2026 (1448جمادى الأولى11)

حلقہ خواتین کی ذمہ داران و کارکنان گھریلو خواتین کو معاشی مشکلات کی اصل وجوہات سے آگاہ کریں اور عوامی حقوق کی تحریک میں مردوں کی بھرپور شرکت کی حوصلہ افزائی کریں۔ ڈاکٹر حمیرا طارق

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کے تیسرے مرحلے کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کو عوامی حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی بوجھ مہنگائی میں اضافے اور عوام کی معاشی مشکلات کی اہم وجوہات ہیں۔ اس کے اثرات براہِ راست گھریلو بجٹ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیوں پر مرتب ہوتے ہیں۔ عوام کو مہنگائی کے عذاب سے نجات دلانے کے لیے اس ظالمانہ بوجھ کے خاتمے کی جدوجہد ناگزیر ہے۔

ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ 23 اکتوبر بروز جمعہ ملک بھر کے اضلاع میں احتجاجی دھرنے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو معاشی ریلیف دلانے کی تحریک کا اہم مرحلہ ہیں۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی تمام ذمہ داران، ناظمات، ارکان اور کارکنان اس موقع پر تحریک کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے، عوامی شعور بیدار کرنے اور مطالبات کی بھرپور تشہیر میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ بالخصوص گھریلو خواتین کو ان کے مسائل کی اصل وجوہات، مہنگائی کے بوجھ اور پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے معیشت و روزمرہ زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات سے آگاہ کیا جائے، تاکہ وہ اس عوامی جدوجہد کی اہمیت کو سمجھ سکیں اور اپنے خاندانوں میں بھی اس پیغام کو عام کریں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا سب سے گہرا اثر گھر کے بجٹ کو سنبھالنے والی خواتین پر پڑتا ہے۔ آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، بجلی، گیس اور ٹرانسپورٹ کے بڑھتے اخراجات نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ خواتین روزانہ گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرتی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں یہ شعور دیا جائے کہ ان مسائل کے حل کے لیے عوامی آواز بلند کرنا اور حکومت سے جواب طلب کرنا کیوں اہم ہے۔

ڈاکٹر حمیرا طارق نے حلقہ خواتین کی ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ مقامی سطح پر منظم عوامی رابطہ مہم چلائیں، گھریلو خواتین سے ملاقاتیں کریں، دستخطی مہم کو آگے بڑھائیں اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے کو ہر گھر تک پہنچائیں۔ کارکنان مردوں کی اس تحریک میں بھرپور شرکت کی حوصلہ افزائی کریں، ان کے ساتھ رابطہ و تعاون بڑھائیں اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے مرد و خواتین کے درمیان مشترکہ جدوجہد کا شعور اجاگر کریں۔ اس مرحلے میں خواتین کی بنیادی ذمہ داری عوامی آگاہی، پیغام رسانی اور تحریک کی حمایت کو وسیع کرنا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے حقوق کے لیے منظم آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی عوامی تحریک کی کامیابی کے لیے واضح حکمت عملی، منظم رابطہ کاری، ذمہ داریوں کی درست تقسیم اور مطالبات کی مؤثر تشہیر بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ تمام اضلاع اور مقامی تنظیمیں اپنی منصوبہ بندی کے تحت عوامی رابطوں کو تیز کریں اور کارکنان کو متحرک کریں، تاکہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری جدوجہد ایک مؤثر عوامی تحریک کی صورت اختیار کرے۔

ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو حقیقی ریلیف دینے کو حکومت سے مذاکرات کا بنیادی ایجنڈا قرار دیا ہے۔ حکومت عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے، کیونکہ محض وعدوں اور عارضی ریلیف سے عوام کے دیرینہ مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عوامی حقوق کی اس جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے نجات، معاشی انصاف اور عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے ضروری ہے کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف پیغام ہر گھر تک پہنچایا جائے اور عوام کو اس کے خاتمے کے لیے متحد و منظم کیا جائے