جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف 7 اگست کو ملک بھر میں 510 مقامات پر پرامن احتجاج اور سڑکیں بند کرنے کا اعلان کر دیا ، ملک بھر میں بیک وقت 41 شہروں میں خواتین کے احتجاجی مظاہرے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے حکومت سے پٹرولیم لیوی کا خاتمہ اور قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر دیا۔۔۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام لاہور، ملتان، بہاولپور، حیدرآباد، پشاور اور گجرات سمیت ملک بھر کے 41 شہروں میں بیک وقت احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ جن میں مقامی قیادت اور مرکزی قائدین نے شرکت کی، وحدت روڈ لاہور میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 74 ڈالر فی بیرل پر آنے کے باوجود پاکستان میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا، سات اگست کو شام 4 بجے پنجاب، سندھ، بلوچستان، کے پی سمیت ملک بھر کے 510 مقامات پر پرامن پہیہ جام احتجاج ہوگا۔ انہوں نے حکومت کو باور کرایا پٹرول کی قیمتیں کم اور لیوی کے نام پر بھتہ ٹیکس ختم کیا جائے ورنہ سات اگست کا احتجاج حکومت گھیراؤ تحریک میں بدل جائے گا،نوجوان اپنی موٹر سائیکلیں سڑکوں پر لے کر آئیں۔ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا لیکن اگر اسے روکنے کی کوشش کی گئی تو تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی،سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق، سمیعہ راحیل قاضی، ثمینہ سعید اور عظمیٰ عمران نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا، دیگر شہروں میں قائدین نے اپنے خطاب میں کہا حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث غریب آدمی پس کر رہ گیا ہے، خواتین کو گھر کا کچن چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے ، حکمران ہوش کا ناخن لیں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔مظاہروں میں خواتین نے بچوں سمیت شرکت کی اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔
