سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ خواتین ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول، ضروری سہولتیں اور مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے گھر اور خاندان کی ذمہ داریوں کو ساتھ لے کر معاشی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے پلیٹ فارم سے خواتین کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ کم سے کم مشکلات کے ساتھ اپنے کاروبار کو آگے بڑھا سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں 14 نومبر کو منعقد ہونے والی عظیم الشان خدیجۃ الکبریٰ انٹرپرینیور کانگریس اور انٹرپرینیور پویلین کی منصوبہ بندی کی گئی۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے مختلف ذمہ داران کو ان کی ذمہ داریاں سونپیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ پروگرام خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور معاشی خودمختاری کے سفر کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ خواتین کو محض معاشی سرگرمیوں میں شریک کرنے کے بجائے انہیں ایسا ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں وہ اپنی گھریلو ذمہ داریوں کو متاثر کیے بغیر معاشی ترقی میں حصہ لے سکیں۔ خواتین کو درپیش رکاوٹیں کم کرنا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا، کاروباری رہنمائی فراہم کرنا اور انہیں مناسب پلیٹ فارم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایک مضبوط معیشت اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاک انٹرنیشنل بزنس فورم خواتین کو کاروباری مواقع، رہنمائی، روابط اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنائے گا۔ خواتین کاروباری افراد کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا جہاں وہ اپنی مصنوعات اور خدمات متعارف کرا سکیں، تجربات کا تبادلہ کر سکیں اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے نئے امکانات پیدا کر سکیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے واضح کیا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری صرف انفرادی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ خاندان، معاشرے اور ملکی معیشت کی مضبوطی کی بنیاد بھی ہے۔ کاروباری خواتین کو مالی، فنی اور انتظامی رہنمائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے مارکیٹنگ، برانڈنگ اور کاروباری روابط کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خدیجۃ الکبریٰ کانفرنس اور انٹرپرینیور پویلین کی تیاریوں کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے تحت خواتین کی معاشی ترقی، کاروباری رہنمائی، باہمی روابط اور عملی تعاون کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ خواتین ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید اور انیلہ محمود بھی ہمراہ تھی
