September 11th, 2026 (1448ربيع الأول28)

پیٹرول کی اصل قیمت کے علاوہ مختلف ناموں سے ٹیکس اور لیوی کی صورت میں مزید بوجھ کیوں ڈالا جا رہا ہے , ثمینہ سعید

 قائم مقام سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے  کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کیخلاف دھرنا محض ایک احتجاج نہیں بلکہ عوام میں شعور بیدار کرنے اور انہیں ایک بڑی تبدیلی کے لیے تیار کرنے کی تحریک بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پچیس کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، جماعت اسلامی یا اس کی قیادت کا ذاتی مسئلہ نہیں۔ حافظ نعیم الرحمن اس وقت عوام کی آواز بن کر حکمرانوں کو آئینہ دکھا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے لیوی بھتہ ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ سعید نے کہا کہ عوام یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ پیٹرول کی اصل قیمت کے علاوہ مختلف ناموں سے ٹیکس اور لیوی کی صورت میں مزید بوجھ کیوں ڈالا جا رہا ہے؟ عالمی منڈی میں قیمت بڑھے تو اسے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کہا جا سکتا ہے، لیکن لیوی اور دیگر ٹیکسوں کے نام پر عوام سے مسلسل وصولی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے مسئلے پر بھی عوام کو شعور دیا اور دھرنے کے ذریعے دباؤ پیدا کیا، جس کے نتیجے میں بجلی کے شعبے میں عوام کو ریلیف ملا۔ آج اسی عوامی جدوجہد کا اگلا مرحلہ لیوی کے نام پر وصول کیے جانے والے بھتہ ٹیکس کے خاتمے کی جدوجہد ہے، اور عوام اس مقصد کے حصول تک اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے حکمران طبقے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، مگر حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات کم ہونے کا نام نہیں لیتے۔ بیرونِ ملک دورے، مہنگے جہاز، قیمتی گاڑیاں اور سرکاری وسائل پر شاہانہ طرزِ زندگی عوام کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔ حکمرانوں کو بھی سادگی اختیار کرتے ہوئے عوام کی طرح اپنے اخراجات کم کرنے ہوں گے۔ حکمران 1300 سی سی گاڑیوں پر آ سکتے ہیں تو عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکمران نہ ہماری بچیوں کو مکمل تحفظ دے پا رہے ہیں، نہ معیاری تعلیم اور بنیادی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ ایسے میں عوام یہ حق رکھتے ہیں کہ ان سے پوچھیں کہ قومی خزانے سے ہونے والے غیر ضروری اخراجات آخر کب ختم ہوں گے؟
ثمینہ سعید نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے مطالبات بالکل دوٹوک ہیں: لیوی کے نام پر بھتہ ٹیکس ختم کیا جائے، عوام کو مہنگائی سے حقیقی ریلیف دیا جائے، روٹی دس روپے کی جائے، بجلی و پیٹرول کے نرخ کم کیے جائیں اور حکمران طبقہ اپنے شاہانہ اخراجات میں فوری کمی کرے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے آئی پی پیز کے معاملے پر عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچائی، اب ان شاء اللہ لیوی کے نام پر عوام سے وصول کیا جانے والا بھتہ ٹیکس بھی ختم کروائیں گے۔ ثمینہ سعید نے کراچی دھرنے میں خواتین کے کامیاب جلسے میں ہزاروں خواتین کی شرکت پر کراچی کی ذمہ داران کو خراج تحسین پیش کی -
بعد ازاں دھرنے کے مقام پر ایک پروقار تقریب میں میٹرک کے امتحانات میں 80 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والی ہونہار طالبات میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری جنرل نے خطاب کرتے ہوئے کامیاب طالبات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری بیٹیاں قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ مناسب رہنمائی، محنت اور حوصلہ افزائی کے ذریعے ہماری بیٹیاں ہر میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔
ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور عظمیٰ عمران  نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین اور بچیوں کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ طالبات کی کامیابی صرف ان کے خاندان کے لیے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و ملت کی تعمیر، علم کے فروغ اور ایک باکردار معاشرے کی تشکیل کے لیے استعمال کریں۔
عظمیٰ عمران نے کامیاب طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج ان کی محنت کو سراہنے کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ جو قوم اپنی بیٹیوں کو تعلیم، اعتماد اور آگے بڑھنے کے مواقع دیتی ہے، وہی قوم مستقبل میں مضبوط اور باوقار مقام حاصل کرتی ہے۔