سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے جماعت اسلامی کے یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی محض ایک سیاسی جماعت نہیں، بلکہ ایک نظریاتی تحریک ہے جو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد، اسلامی نظام کے نفاذ، اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے روزِ اول سے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت ہر دور میں امانت و دیانت کی مثال رہی ہے۔ جماعت کے قائدین اور کارکنان نے نہ صرف اقتدار کی ہوس سے خود کو دور رکھا بلکہ خدمتِ خلق کو اپنا مشن بنایا۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے خواتین کو قیادت، تنظیم اور دعوتی میدانوں میں بھرپور مواقع دیے۔ تعلیم و تربیت، کردار سازی اور اسلامی شعور کی بیداری میں حلقہ خواتین کا کردار مثالی ہے۔
انہوں نےمذید کہا کہ جماعت اسلامی نے تعلیم، صحت، خدمت خلق، انسانی حقوق، بلدیاتی نظام، اور قدرتی آفات میں ریلیف سرگرمیوں میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے یتیموں، بیواؤں، اور سیلاب و زلزلہ متاثرین کے لیے مثالی خدمات انجام دی گئیں جنہیں عالمی سطح پر سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی بے لوث،بے غرض اور پرخلوص جدوجہد اور کوششوں کا نتیجہ ہے کہ ملک کی مایوس فضا میں عوام اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔ ملک کے ہر طبقے بالخصوص نوجوانوں کی توقعات اب جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں۔یوم تاسیس کے موقع پر ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ان شاءاللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں ایک منصفانہ، باوقار اور اسلامی نظام کا نفاذ ممکن ہوگا اور پاکستان حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بن کر ابھرے گا