June 17th, 2026 (1448محرم1)

فہمِ قرآن ہی زندگیوں کا حقیقی انقلاب ہے، قرآن کو سمجھ کر اپنانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے: ڈاکٹر حمیرا طارق


سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان، ڈاکٹر حمیرا طارق نے فیصل آباد میں منعقدہ فہم القرآن کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید محض تلاوت کے لیے نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ اگر مسلمان قرآن کو سمجھ کر پڑھیں اور اس کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں تو انفرادی اور اجتماعی سطح پر ایک مثبت اور دیرپا انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن اللہ تعالیٰ کا زندہ پیغام ہے جو دلوں کو روشن، کردار کو سنوارتا اور معاشروں کو امن و عدل عطا کرتا ہے۔ آج امت مسلمہ کو جن فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے، ان کا حل قرآن کے فہم اور اس کے عملی نفاذ میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ فہم القرآن کے سفر کو جاری رکھیں اور قرآن کو اپنی زندگی کا محور و مرکز بنائیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے دریافت کیا کہ انہوں نے کورس کے دوران کیا سیکھا اور کن پہلوؤں نے ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی پیدا کی۔ انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مزید علمی و فکری ترقی کے لیے قرآن فہمی کے اگلے مراحل میں شرکت کی رہنمائی بھی فراہم کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہر دل تک قرآن پراجیکٹ، انیلہ محمود نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہر دل تک قرآن" ایک ایسی دعوتی و تعلیمی کاوش ہے جس کا مقصد قرآن کے پیغام کو ہر گھر اور ہر دل تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کورس قرآن سے تعلق کو مضبوط بناتا، تدبر و تفکر کی صلاحیت پیدا کرتا اور انسان کو اپنی زندگی قرآن کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انیلہ محمود نے کہا کہ کورس کے ذریعے ہزاروں خواتین قرآن کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی جانب راغب ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے کونے کونے تک قرآن فہمی کی یہ تحریک مزید وسعت اختیار کرے گی۔ انہوں نے شرکاء کو تلقین کی کہ وہ خود بھی قرآن سیکھیں اور اپنے اہل خانہ اور معاشرے تک اس پیغام کو پہنچانے میں کردار ادا کریں۔
کورس کے شرکاء نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ فہم القرآن کورس نے ان کے قرآن کے ساتھ تعلق کو مزید مضبوط کیا ہے۔ قرآن کی آیات کو سمجھ کر پڑھتے ہیں اور ان کا پیغام زندگی میں زیادہ مؤثر انداز میں اترتا محسوس ہوتا ہے۔ ہمیں اپنی روزمرہ زندگی کے مسائل کا حل قرآن کی روشنی میں تلاش کرنے کا شعور دیا ہے۔شرکاء نے اس کورس کو اپنی فکری اور روحانی تربیت کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس کے انعقاد پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہر دل تک قرآن پراجیکٹ انیلہ محمود، ناظمہ وسطی پنجاب نازیہ توحید، نائب ناظمہ وسطی پنجاب شائستہ عمر، نائب ناظمہ وسطی پنجاب فوزیہ محبوب اور ناظمہ ضلع فیصل آباد سعدیہ رحمن بھی موجود تھیں۔