عوام اپنے مسائل کے حل اور جائز مطالبات کی منظوری کے لیے جماعت اسلامی کی دستخطی مہم میں بھرپور شرکت کریں، ہر طبقے تک آواز پہنچائی جائے
سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی دستخطی مہم کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے، ہمارا ہدف کروڑوں عوام تک پہنچنا اور ان کے مسائل و مشکلات کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنا ہے۔ عوام اپنے حقوق کے حصول، بنیادی مسائل کے حل اور جائز مطالبات کی منظوری کے لیے جوق در جوق اس مہم میں شامل ہو رہے ہیں۔ دستخطی مہم عوامی آواز کو منظم کرنے اور اربابِ اختیار تک عوام کے مطالبات پہنچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے ارکان و کارکنان پر زور دیا کہ وہ مہم کو محدود حلقوں تک رکھنے کے بجائے معاشرے کے ہر طبقے، ہر شعبۂ زندگی اور ہر علاقے تک پہنچائیں۔ خواتین، نوجوانوں، طلبہ، مزدوروں، محنت کشوں، تاجروں اور عام شہریوں کو اس مہم کا حصہ بنایا جائے تاکہ عوامی مسائل پر وسیع تر اتفاقِ رائے پیدا ہو اور حقوق کے حصول کی جدوجہد کو مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز سے وابستہ صحافیوں، اینکرز، کالم نگاروں، ڈاکٹرز، اساتذہ، وکلا اور دیگر پڑھے لکھے طبقات کو بھی دستخطی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ اہلِ قلم، اہلِ علم اور شعبۂ صحت و تعلیم سے وابستہ افراد معاشرے کی فکری رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں؛ ان کی شرکت سے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کرنے میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے مزید کہا کہ مہنگائی، بھاری ٹیکسوں، بجلی و گیس کے بڑھتے اخراجات اور دیگر معاشی مشکلات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایسے حالات میں عوام کے مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ جماعت اسلامی عوام کے جائز مطالبات کو حکام تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے اپنی پُرامن، جمہوری اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے اپیل کی کہ ارکان و کارکنان بھرپور محنت، مستقل مزاجی اور منظم حکمتِ عملی کے ساتھ دستخطی مہم کو آگے بڑھائیں، زیادہ سے زیادہ شہریوں تک پہنچیں اور انہیں اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا حصہ بنائیں۔ عوام کی آواز جتنی وسیع اور منظم ہوگی، ان کے مسائل کے حل اور جائز مطالبات کی منظوری کے لیے اتنا ہی مؤثر عوامی دباؤ پیدا کیا جا سکے گا۔
