سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان، ڈاکٹر حمیرا طارق نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی سابقہ صدر کلثوم فاطمہ رانجھا کی انسان دوست خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی قیادت میں الخدمت فاؤنڈیشن نے خواتین، بچوں اور محروم طبقات کی فلاح کے لیے جو بے مثال کردار ادا کیا، وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلثوم رانجھا نے نہ صرف پاکستان میں بلکہ عالمی سطح پر انسانی خدمت، تعلیم، صحت اور یتیم کی کفالت جیسے اہم میدانوں میں جو کارہائے نمایاں سرانجام دیے، وہ ان کی بے لوث محنت، وژن اور دینی جذبے کی گواہی دیتے ہیں۔ ان کی خدمات ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔آنے والے ذمہ داران کو بھی ان کے طرز فکر اور محنت سے فائدہ اٹھاتے یوئے انسانیت کی خدمت اور فلاح کے کام کو آگے بڑھانا چاہیے -
انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی صدر کی حیثیت سے ان کی سرپرستی میں خواتین کو بااختیار بنانے، فلسطین اور کشمیر کے مظلومین کے لیے امدادی سرگرمیوں، اور یتیم بچوں کی کفالت کے منصوبوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے کام کو ایک نئی جہت دی۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے ان کی خدمات کو عزم، قیادت اور دیانت داری کا نمونہ قرار دیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی کاوشوں کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور آئندہ نسلوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق دے