September 19th, 2026 (1448ربيع الثاني7)

تینتیس دن کی استقامت، عوام کے حقوق کی پکار؛ 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ حکمرانوں سے جواب طلبی کا مرحلہ ہوگا: ثمینہ سعید

 قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ملک کے 25 کروڑ عوام، ان کے گھریلو مسائل اور معاشی مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھی ہے۔ لاہور میں جاری دھرنے کا 33واں روز اس بات کی علامت ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ عوامی مطالبات پیش کرنے اور حکمرانوں سے جواب طلب کرنے کی جدوجہد کا اگلا مرحلہ ہوگا۔
لاہور کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ سعید نے کہا کہ تاریخ گواہی دے گی کہ جب عوام کو معاشی مشکلات اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا گیا تو جماعت اسلامی نے ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، مزدوروں اور کسانوں سمیت عام پاکستانیوں کے مسائل کو اپنا مقدمہ بنایا۔ آج عوام کی امیدیں ان کے حقوق کی آواز بلند کرنے والی جدوجہد سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے کے پہلے دن سے موجود جوش و خروش آج بھی برقرار ہے۔ جب تک عوامی مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوتی، جدوجہد جاری رہے گی۔ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل استعمال کرنے والے بچوں، رکشوں میں سفر کرنے والی ماؤں اور بہنوں اور محدود آمدن رکھنے والے خاندانوں کو مہنگے ایندھن کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ حکمرانوں سے عوامی مسائل اور کیے گئے فیصلوں کا حساب طلب کرنا قوم کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور بیدار ہو چکا ہے اور ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے 33 روزہ دھرنے میں شریک کارکنان، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بچوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی، حبس اور دیگر مشکلات کے باوجود شرکاء نے استقامت کا مظاہرہ کیا۔ یہ جدوجہد عوامی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی عزم کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کسی خیرات کے حصول کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے مطالبے کے لیے ہوگا۔ پاکستانی قوم اپنے جائز حقوق، معاشی ریلیف اور حکمرانوں سے جواب دہی چاہتی ہے۔
ثمینہ سعید نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے دھرنے کے شرکاء اور کارکنان کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پُرامن اور آئینی جدوجہد کا سلسلہ جاری رہے گا۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں ،ناظمہ لاہور عظمی عمران بھی اپنی نائبین کے ہمراہ موجود تھیں