December 26th, 2024 (1446جمادى الثانية24)

طالبات اور خواتین اساتذہ کے خلاف جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے-ثمینہ سعید

پرائیویٹ تعلیمی ادارے میں طالبہ سے زیادتی کے واقعہ پر ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید کا رد عمل


حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے شیخوپورہ کے پرائیویٹ سکول  میں طالبات اور خواتین اساتذہ  کے ساتھ مبینہ زیادتی اور نازیبا ویڈیوز کی تشہیر کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے درس و تدریس کی آماجگاہیں ہیں- طالبات کے اداروں میں تعینات اساتذہ اور سربراہان ادارہ ان کے روحانی والدین اور  صنف نازک کے محافظ ہیں - ان ہی کے ہاتھوں آئے دن  ہراسمنٹ کے واقعات ہمارے تعلیمی نظام پر سیاہ دھبہ ہیں  - 
انہوں نے کہا کہ ‏شیخوپورہ میں طالبات اور خواتین اساتذہ کے خلاف زیادتی، نازیبا ویڈیوز کی تشہیر اور اس سے پہلے لاہور کے کچھ اداروں سے اسی قسم کے واقعات کی شکایت محکمہ تعلیم کے ذمہ داران، متعلقہ اداروں  اور حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے-
 تعلیم جیسے مقدس شعبے میں اس طرح کے درندوں کی موجودگی لمحہ فکریہ ہے-
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر متاثرہ خواتین اور طالبات  کو انصاف کی فراہمی کے تقاضے پورے کیے جائیں اور درندہ صفت انسان کو قرار واقعی سزا دے کر ویمن پروٹیکشن بل پر عوامی اعتبار بحال کیا جائے-
ثمینہ سعید نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ صوبے  میں  خاتون  وزیر اعلی کی موجودگی میں طالبات اور خواتین کے خلاف ہراسمنٹ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے- پنجاب حکومت قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے اور ذمہ دار عناصر کو فوری سزائیں دے کر صوبے کے ماحول کو خواتین اور طالبات کے لیے محفوظ اور پرامن بنائیں