قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعیدنے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف اسلام آباد کی طرف ہونے والے مارچ سے متعلق ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد کی طرف روانہ ہونے والے قافلے صرف جماعت اسلامی کے کارکنان پر مشتمل نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کی آواز لے کر جا رہے ہیں، ملک کے چاروں صوبوں، ہر شہر اور ضلع سے عوام اپنے حقوق کے لیے اس پْرامن اور آئینی جدوجہد میں شریک ہوں گے، عوام پر مزید ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے، پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، مہنگائی میں کمی لائی جائے اور عام آدمی کو جینے کا حق دیا جائے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ صرف سفری اخراجات تک محدود نہیں رہتا بلکہ سبزی، آٹا، دودھ، کرایوں، تعلیم اور علاج سمیت زندگی کی بنیادی ضروریات کو بھی متاثر کرتا ہے، حکمرانوں کو سمجھنا ہوگا کہ گھر کا بجٹ بنانا مشکل ہو گیا ہے، بچوں کی فیس اور راشن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا ہے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر نہیں، ان سب کی مشکلات کے حل کے لیے جماعت اسلامی تصادم نہیں بلکہ پْرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، حکومت کو چاہیے کہ عوام پہلے ہی ٹیکسوں اور مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، عوام کے مشکلات میں مزید اضافہ نہ کیا جائے۔ اشرافیہ کو مراعات اور عام آدمی کو مسلسل قربانیوں پر مجبور کرنے کی پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب اور پاکستان کے ہر حصے سے عوام کی آواز پہنچے گی۔ثمینہ سعید نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عوام کے حقوق کی اس جدوجہد میں اپنی ذمے داری ادا کرتی رہے گی، ہم نہ عوام کا حق چھوڑیں گے اور نہ انہیں تنہا چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں عوام کا واضح پیغام ہوگاکہ وہ پیٹرولیم لیوی کا بوجھ مزید برداشت نہیں کریں گے،عوام کو حقیقی ریلیف چاہیے،مہنگائی فوری ختم کریں اورپاکستان کے عوام کو جینے کا حق دیا جائے۔
