August 26th, 2026 (1448ربيع الأول12)

سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم انسانیت کے لئے کامل ضابطہ حیات ہے۔ثمینہ سعید


قائم مقام سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے 12 ربیع الاوّل کے پر نور موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیرت النبی ﷺ انسانیت کے لیے کامل ضابطہ حیات ہے۔حضور ﷺ کی ولادتِ باسعادت ربِ کریم کی طرف سے دنیا کے لیے سب سے بڑی نعمت اور رحمت ہے۔ اس دن کو محض چراغاں یا خوشی کے اظہار تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ سیرتِ نبوی ﷺ کو سمجھنے، اپنانے اور معاشرے میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہ کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر طبقے, ہر عمر اور ہر مکتب فکر کے انسان کے لیے عملی نمونہ پیش کیا۔ رسول اکرم ﷺ نے جہالت، ظلم، نسلی تفاخر اور ناانصافی پر مبنی معاشرے کو ایمان، عدل، اخوت، حیا اور علم کی بنیادوں پر کھڑا کیا۔ آج اگر ہم بحیثیت امت ذلت و پستی کا شکار ہیں تو اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے سیرتِ نبوی ﷺ سے دوری اختیار کر لی ہے،آج امت کو غربت، نا انصافی، اخلاقی زوال اور باہمی انتشار جیسے مسائل کا سامنا ہے اگر ریاست اور معاشرہ اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا لے تو یہ مسائل خود بخود حل ہونے لگیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضور ﷺ کی سیرت خواتین کے لیے مثالی رہنمائی فراہم کرتی ہے، بطور ماں، بیٹی، بیوی اور معاشرے کےمعزز فرد کے طور پر اسلام نے عورت کو جو عزت دی، وہ اسوہ حسنہ ﷺ سے بخوبی ظاہر ہوتی ہے،اسی حوالے سے خواتین کی تربیت اور کردار سازی میں سیرت النبی صہ کو نصاب کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نئی نسل بچپن سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ سے وابستگی محسوس کرے۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت 12 ربیع الاول کو سیرت کے پیغام کو عام کرنے کا دن قرار دے اور ریاستی سطح پر اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے، معاشی، سیاسی اور سماجی نظاموں میں سیرت النبی صہ کی روشنی میں اصلاح کی جائے۔ ثمینہ سعید نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی جانب سے ملک بھر میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس ، سیمینارز، مذاکروں اور تربیتی نشستوں کے انعقاد کا اعلان بھی کیا جن کا مقصد خواتین کو عملی زندگی میں اسوہ حسنہ کو اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی بیداری، اتحاد اور فلاح اسی وقت ممکن ہے جب ہم انفرادی و اجتماعی زندگی میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو نافذ کریں اور دنیا کو اس نور ہدایت سے روشناس کروائیں#