حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے اجتماع عام 2025 کے موقع پر تدوین تاریخ کمیٹی کی جانب سے مرتب کردہ روداد حلقہ خواتین جماعت اسلامی حصہ اول "جاوداں پیہم رواں" سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق کو منصورہ لاہور میں پیش کی گئی۔اس موقع پر ناظمہ اجتماع عام حلقہ خواتین ثمینہ سعید، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، رکن تدوین تاریخ کمیٹی منیبہ صمد، عاصمہ عمران اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نگران تدوین تاریخ کمیٹی روبینہ فرید اور ان کی ٹیم کی محنت اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ روداد جماعت اسلامی کا قیمتی اثاثہ ہے، جسے ہر کارکن تک پہنچنا چاہیئے۔ یہ کتاب اقامت دین کی جدوجہد کرنے والی خواتین کو رہنمائی اور جذبوں کو توانائی فراہم کرے گی۔
اجتماع عام کے موقع پر مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے "جاوداں پیہم رواں" پر ایک مختصر تعارفی ویڈیو بھی پیش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں تدوین تاریخ کمیٹی کا اسٹال بھی لگایا جائے گا، جہاں اس قیمتی کتاب اور اس کی تاریخ کے بارے میں مذید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
