September 20th, 2024 (1446ربيع الأول16)

شاعر مشرق  علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری  کے ذریعے منتشر امت کو وحدت کا سبق دیا-دردانہ صدیقی

علامہ محمد اقبال وہ قائد حریت تھے جنہوں نے خواب غفلت اور غلامی میں پڑے مسلمانوں میں آزادی و حکمرانی کے جذبات کو بیدار کیا اور انھیں خودی کا درس دیا - بکھری ہوئی امت مسلمہ کو اتفاق ، اتحاد ، اور خود داری کی منزل کا راہی بنایا - ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے یوم اقبال پر شاعر مشرق علامہ  محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا-
انہوں نے کہا کہ  حکیم الامت  علامہ اقبال نے بحثیت قوم ، مسلمان امت کے اندر موجود خامیوں کی نشاندھی کی اور اصلاح کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کر دیں۔
انہوں نے امت مسلمہ کو یاد دلایا کہ ہمیں خلیفتہ اللہ کی حیثیت سے دین محمدی ﷺ کو پوری دنیا پر غالب اور قائم کرنا ہے-  علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو باور کروایا کہ اگر مسلمان اپنی حثیت اور ذمہ داریوں کو پہچان لیں تو وہ دنیا کی امامت حاصل کر سکتے ہیں -آج بھی مسلم امہ کے دکھوں اور مسائل کا حل کلام اقبال سے جھلکتا ہے کہ آپس کے بے معنی اختلافات کو دفن کر کے ایک متحد قوم بن جائیں-
دردانہ صدیقی نے کہا کہ اگر آج اہل پاکستان فرمان اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر عمل پیرا ہو کر  قرآن کو عملی دستور حیات کے طور پر نافذ کر لیں تو ملک میں موجود بحران زمین بوس ہو جائیں گے اور اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی منزل جلد حاصل ہو جائے گی