September 21st, 2026 (1448ربيع الثاني10)

حافظ محمد ادریس کی وفات جماعت اسلامی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے، ان کی دینی و تحریکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: ثمینہ سعید

جماعت اسلامی کا قیمتی سرمایہ ہم سے جدا ہوگیا، حافظ محمد ادریس کی وفات پر ثمینہ سعید کا اظہارِ تعزیت

اپنے تعزیتی بیان میں ثمینہ سعید نے کہا کہ حافظ محمد ادریس کی وفات جماعت اسلامی کے لیے ایک عظیم صدمہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ وہ جماعت اسلامی کا قیمتی سرمایہ، دیرینہ رفیق اور تحریک کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والے مخلص رکن  تھے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پُر نہیں ہو سکتا۔۔              انہوں نے کہا کہ حافظ محمد ادریس نے اپنی زندگی دین کی سربلندی، اقامتِ دین اور جماعت اسلامی کی دعوت و تحریک کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی طویل تحریکی وابستگی، اخلاص، استقامت اور جماعت کے ساتھ وفاداری کارکنان کے لیے قابلِ احترام مثال ہے۔ ان کی خدمات اور دینی و تحریکی جدوجہد کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ تحریک کے مخلص اور باوفا ساتھیوں کا رخصت ہونا پوری جماعت کے لیے غم کا لمحہ ہے، لیکن ان کی زندگی کا پیغام اور جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہتی ہے۔ حافظ محمد ادریس کی دینی خدمات اور جماعت اسلامی سے وابستگی ہمارے لیے ایک قیمتی امانت ہیں۔
انہوں نے مرحوم کے لیے اللہ تعالیٰ سے مغفرت، بلندیٔ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی تمام دینی و تحریکی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، اہل خانہ کو صبرِ جمیل دے اور جماعت اسلامی کے ساتھیوں کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
نیز ڈپٹی  سیکرٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، عطیہ نثار، عفت سجاد، عائشہ سید،ڈاکٹر زبیدہ جبیں، نائب نگران میڈیا سیل سعدیہ حمنہ ، سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے  دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمت کے سائے میں جگہ دے اور ان کے پسماندگان و رفقائے تحریک کے لیے یہ جدائی باعثِ اجر و استقامت بنائے