April 20th, 2024 (1445شوال11)

روزے کا اصل مقصد انفرادی و اجتماعی زندگی میں تقویٰ کا حصول ،تزکیہ نفس اور  اپنے آپ کو رب کے حکم کے تابع کرنا ہے ۔ حقیقی تبدیلی کے لئے  بحیثیت قوم اپنے طرز عمل کو دین کی تعلیمات اور ضابطوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے  دردانہ صدیقی

 حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر قوم کو اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں ایک مرتبہ پھر اس ماہ مبارک کے فیوض و برکات سمیٹنے کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔رمضان المبارک کا مہینہ خود احتسابی ، پابند زندگی گزارنے اور قربانی کا درس دیتا ہے ۔یہ ہمارے لئے انفرادی اور اجتماعی نقطہ نظر سے احتساب کا مہینہ بھی ہے۔ یہ ماہ مبارک اپنی خواہشات اور اپنے نفس پر قابو پانے کی تربیت دیتا ہے۔صفائے قلب کے لئے روزہ  بہترین ذریعہ بن سکتا ہے بشرطیکہ اس کے تقاضے پورے کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام ، احسان اور ایمان کا فلسفہ سمجھنے کے لئے یہ ماہ کریم انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔روزے کا اصل مقصد انفرادی و اجتماعی زندگی میں تقویٰ کا حصول ،تزکیہ نفس اور اپنے آپ کو رب کے حکم کے تابع کرنا ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے ہمیں اپنے طرز عمل کو اس ضابطہ کار کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی ہمارے دین نے رہنمائی دی ہے ۔ ہمیں بحیثیت قوم اپنے اندر ایمانداری، اتحاد و اتفاق، رواداری اور مثبت سوچ جیسی اعلیٰ اوصاف پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور ان اخلاقی اقدار کو ہماری زندگی میں شامل کرنے میں روزہ بنیادی کردار ادا کرتا ہے لہذا ہمیں اس ماہ مبارک کے تقاضوں کا خصوصی اہتمام و احترام کرنا چاہیئے۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی نیکیوں کے حصول کے لئے استقبال رمضان کی تیاری کریں ۔قرآن کریم سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں،زیادہ سے زیادہ انفاق کریں اور پھر دوران رمضان خیر اور بھلائیاں سمیٹیں اور اپنے اندر ایک نیا انسان دریافت کریں.انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی تعلیمات پر پابندی سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس ماہ مبارک کی برکت سے وطن عزیز اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل میں ہماری مدد فرمائے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں پاکستان بنائے