May 13th, 2026 (1447ذو القعدة26)

تعلیم کارڈ کا اجرا جماعت اسلامی کی عوام دوست اور فلاحی پالیسیوں کا عملی ثبوت ہے: ڈاکٹر حمیرا طارق

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے گلبرگ ٹاؤن کراچی  میں پاکستان کے پہلے “تعلیم کارڈ” کے اجرا پر جماعت اسلامی کی منتخب بلدیاتی قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے
ڈاکٹر حمیرا طارق نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں جب حکمران عوام پر آئے روز مہنگائی اور پٹرول بم گرا رہے ہیں، ایسے میں جماعت اسلامی عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ گلبرگ ٹاؤن میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر ہزاروں طلبا و طالبات کو وظائف اور تعلیم کارڈ کا اجرا اس بات کا ثبوت ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار نہیں بلکہ خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور جماعت اسلامی ملک بھر میں تعلیم کے فروغ، باصلاحیت طلبہ کی سرپرستی اور متوسط و غریب طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ کراچی کے دیگر جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤنز میں بھی جلد تعلیم کارڈ کا اجرا خوش آئند پیش رفت ہے جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہوں گے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے جماعت اسلامی کی بلدیاتی قیادت، کارکنان اور خصوصاً گلبرگ ٹاؤن کی انتظامیہ کو اس عوامی خدمت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو دیانت، امانت اور خدمت کے جذبے کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے میدانِ عمل میں موجود ہے۔
۔۔دریں اثناء ڈپٹی سیکرٹریز عطیہ نثار ، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ، ڈائریکٹر عفت سجاد ،ڈاکٹر زبیدہ جبیں , عائشہ سید، ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید ، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل  سعدیہ حمنہ ، سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی بلدیاتی قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے -