سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے جماعت اسلامی کراچی کے 9 ٹاؤنز کی تین سالہ شاندار کارکردگی رپورٹ پیش کرنے اور شہر میں تعلیمی و ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، بلدیاتی نمائندوں اور جماعت اسلامی کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محدود وسائل اور اختیارات کے باوجود کراچی میں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے جس جذبے، امانت و دیانت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے، وہ قابلِ فخر اور ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ 234 پارکوں کی بحالی، 42 کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا، 73 سرکاری اسکولوں کی تعمیر نو و اپ گریڈیشن، 19 ڈسپنسریوں کو فعال بنانا، لاکھوں مربع فٹ سڑکوں کی تعمیر اور شہری سہولیات کی فراہمی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر قیادت باکردار، نیت صاف اور ترجیح عوام کی خدمت ہو تو محدود وسائل میں بھی بڑے کام کیے جا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی نے سیاست کو محض اقتدار کے حصول کے بجائے عوامی خدمت، جواب دہی اور عملی جدوجہد کا ذریعہ بنایا ہے۔ ان کی پالیسیوں میں شفافیت، میرٹ، امانت و دیانت اور عوامی مسائل کے حل کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ کراچی کے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی اس طرزِ سیاست کا عملی مظہر ہے۔ جماعت اسلامی نے محض وعدوں اور دعوؤں پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اپنی کارکردگی عوام اور میڈیا کے سامنے پیش کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ عوام کا اعتماد حاصل کرنے کا اصل راستہ خدمت اور عملی نتائج ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کا یہ عزم کہ اختیارات اور وسائل کی کمی کو عوامی خدمت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاص طور پر سرکاری تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے جماعت اسلامی کی کوششیں نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ کراچی کے 73 اسکولوں کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن، داخلوں میں اضافے، تعلیم کارڈ کے اجرا اور جامعہ کراچی کے طلبہ کے لیے اسکالرشپس کا اعلان اس بات کا اظہار ہے کہ جماعت اسلامی تعلیم کو معاشرے کی بنیادی ضرورت اور قومی ترقی کی اصل بنیاد سمجھتی ہے۔ جمال الدین افغانی اسکول کی تعمیر نو کے بعد افتتاح اور پاک ونڈر گراؤنڈ کی بحالی بھی اسی سوچ کا تسلسل ہے۔ تعلیم اور صحت کی سہولیات کے ساتھ کھیل کے میدانوں کی آباد کاری نئی نسل کو بہتر، صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کی جانب قابلِ قدر پیش رفت ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز اور قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، لیکن اس شہر کے شہری آج بھی پانی، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور بنیادی شہری سہولیات کے لیے مشکلات کا شکار ہیں۔ کراچی کے عوام کو ان کا آئینی و قانونی حق، بااختیار بلدیاتی نظام اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ملنی چاہیے۔ جماعت اسلامی نے اپنی کارکردگی کے ذریعے یہ واضح کر دیا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے تو شہر کے مسائل حل کرنے کی مؤثر بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کا منصفانہ اور شفاف استعمال یقینی بنائیں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی کراچی میں تعمیر و ترقی کی یہ کاوشیں صرف چند سڑکوں، اسکولوں یا پارکوں کی بحالی تک محدود نہیں بلکہ ایک ایسے عوام دوست نظام کی بنیاد ہیں جس میں تعلیم، صحت، صاف پانی، کھیل اور باعزت زندگی ہر شہری کا حق ہو۔ ہم امید کرتے ہیں کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں خدمت اور تعمیر و ترقی کا یہ سفر مزید تیز ہوگا اور کراچی کے ساتھ ملک کے دیگر شہروں میں بھی عوامی خدمت کے ایسے ماڈل فروغ پائیں گے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی ان تمام مخلص کارکنان اور ذمہ داران کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور عوامی حقوق، تعلیم کے فروغ اور ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
