October 12th, 2025 (1447ربيع الثاني20)

صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے – ڈاکٹر حمیرا طارق

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان، ڈاکٹر حمیرا طارق نے صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے بزدلانہ اور سفاکانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک اور واضح ریاستی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ:
یہ حملہ نہ صرف عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ پوری پر امن انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے۔"

اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف فلسطینی عوام پچھلے کئی ماہ سے بدترین انسانی المیے سے گزر رہے ہیں — جہاں قحط، فاقے، بھوک اور زخمی بچوں کا خون بہہ رہا ہے — اور دوسری جانب دنیا کے مختلف کونوں سے امن پسند، غیر مسلح افراد محصور اہلِ غزہ کی مدد کے لیے امدادی سامان لے کر بحری راستے سے بڑھ رہے ہیں۔ لیکن اسرائیل ان پر بھی ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔

ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا:
کیا انسانیت، انسانی حقوق، جمہوریت اور بین الاقوامی قوانین کا مطلب صرف طاقتور  کے مفادات کا تحفظ ہے؟ صمود فلوٹیلا پر حملہ عالمی طاقتوں کے دعووں کی قلعی کھول چکا ہے۔"
انہوں نے امریکی کردار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ:
 امن کا علمبردار امریکہ کی امن  کی خواہشات کا پول کھل گیا ہے -اسرائیل آج امدادی قافلوں پر بم برسا رہا ہے اور محصور فلسطینیوں کو دوا، غذا اور پانی تک نہیں پہنچنے دے رہا۔"
انہوں نے مسلم دنیا کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
مسلم حکمران صرف زبانی مذمتوں کے سائے میں پناہ لے رہے ہیں-اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم حکمران غزہ کو بچانے کے لیے حقیقی  کردار ادا کریں"
ڈاکٹر حمیرا طارق نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے تمام اداروں سے فوری نوٹس لینے اور صمود فلوٹیلا کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا:
> "فلسطین کے مظلوموں کے لیے آواز اٹھانا صرف فلسطینیوں کا نہیں، بلکہ ہر زندہ ضمیر انسان کا فرض ہے۔انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے غزہ کے مظلومین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔اس ھفتے کے دوران مظلوم اہل غزہ کی حق میں  لاہور ، کراچی ، اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ جبکہ باقی تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پرامن مظاہرے جاری رکھے جائیں گے-                                  
 علاوہ ازیں ڈپٹی سیکریٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی،ڈاکٹر زبیدہ جبیں،عفت سجاد ، عائشہ سید، عطیہ نثار اور ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے بھی عالمی صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت اور اسے تحفظ  دینے کا مطالبہ کیا ہے