حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ معاشرے میں اصلاح اور فلاح کا واحد ذریعہ قرآن مجید ہے۔ شریعت ہمیں نظام کی تبدیلی کے لیے جو لائحۂ عمل دیتی ہے، وہ برسرِ زمین اصلاح، تربیت اور ذہن سازی کے ذریعے زمامِ کار کی تبدیلی ہے۔ جماعت اسلامی دعوت و ابلاغ کے ساتھ صالح افراد کی تنظیم کر کے نظام کی تبدیلی کا سفر طے کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی سیالکوٹ کے زیر اہتمام "ہر دل تک قرآن" مہم کے تسلسل میں اے ڈی پیکیس، سیالکوٹ میں منعقدہ فہمِ قرآن کلاس کے شرکاء اور مربیات کی خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے مربیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیر کے بیج بوئیں، چراغ جلائیں، قرآن خود انہیں نشوونما دے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ قرآن کریم ہی وہ آفاقی دستورِ حیات ہے جو افراد، خاندان اور معاشرے کی حقیقی تعمیر و اصلاح کی ضمانت دیتا ہے، اور اسی کی تعلیمات پر عمل کر کے ایک صالح اور عادلانہ معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر شرکاء کو بتایا گیا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی سیالکوٹ اب تک 8121 مقامات پر دورۂ قرآن کا انعقاد کروا چکا ہے، جس کے نتیجے میں 300 افراد قرآن کی دعوت اور تدریس کے لیے تیار ہوئے ہیں۔ تقریب میں نگران پراجیکٹ "ہر دل تک قرآن" انیلہ محمود اور نائب ناظمہ وسطی پنجاب رابعہ خالد بھی موجود تھیں۔
