November 5th, 2025 (1447جمادى الأولى15)

موجودہ نظام خواتین کے خواب کی تکمیل میں رکاوٹ ہے‘ حمیرا طارق

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے ملک بھر کی خواتین ارکان، کارکنان اور ذمے داران سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے پندرہویں اجتماع عام کی اہمیت ضرورت اور ذمے داریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ اجتماع عام ہمارے ایمان، یکسوئی، تقویٰ اور اجتماعیت پر اعتماد کا امتحان ہے۔ڈاکٹر حمیرا طارق کا کہنا تھا کہ پاکستانی عورت وفا، حیا اور سلیقے کا پیکر ہے، اور اسی جذبے کے ساتھ خواتین ارکان کو اجتماع عام کے شرکاکے لیے پرسکون، پرخلوص اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اجتماع عام میں آنے والے تمام شرکا اللہ کے مہمان ہیں، اور ان کی خدمت کرنا خواتین کے لیے اجر عظیم کمانے کا بہترین موقع ہے۔اللہ کی راہ میں کام کرنے والے تھکتے نہیں، بلکہ یہی جدوجہد ان کی قوت اور حوصلے کا سرچشمہ بنتی ہے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ پاکستانی عورت ایک پرامن، باعزت اور مستحکم معاشرے کی خواہاں ہے، مگر موجودہ معاشرتی نظام اس کے خواب کی تکمیل میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع عام نہ صرف تبدیلی حالات و ماحول کا پیش خیمہ ہے بلکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام کی خاموش جدوجہد بھی ہے۔ناظمہ اجتماع عام حلقہ خواتین ثمینہ سعید نے کہا کہ اجتماع عام میں شرکت دراصل ایک اجتماعی جہاد ہے، جو ملک میں اصلاح، امن اور اتحاد کی بنیاد رکھے گا۔ اجتماع کے حسن، نظم اور مؤثریت کا دارومدار ہر ذمے دار کے کردار پر ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہر فرد اپنی ذمے داری کو عبادت سمجھ کر ادا کرے۔ اللہ کی رضا کے حصول اور مہمانوں کے لیے 3 دنوں کو یادگار بنانے کے لیے بھرپور محنت کریں ، اس سے قبل کمیٹی روم مرکز جماعت اسلامی منصورہ میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اجتماع عام کی تیاریوں کے سلسلے میں مرکزی کمیٹی کا ایک اہم اور تفصیلی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے ذمے داران نے اجتماع کی تیاریوں، انتظامات اور منصوبہ بندی سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس کی صدارت ناظمہ اجتماع حلقہ خواتین ثمینہ سعید نے کی جبکہ ناظم خواتین کیمپ اجتماع عام احمد سلمان بلوچ، کوآرڈینیٹر جہانگیر ایثار، عبداللطیف، چودھری اشتیاق سمیت دیگر ذمے داران نے اجلاس میں شرکت کی اور متعلقہ امور پر روشنی ڈالی۔اجلاس میں مرکزی کمیٹی حلقہ خواتین کو اجتماع عام کے حوالے سے تیاریوں کے لیے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں مختلف ذمے داران نے پنڈال، خواتین کیمپ، رہائش گاہوں، استقبالیہ پوائنٹس ، شعبہ اطفال اور تزئین و آرائش کے متعلق منصوبہ بندی سے شرکا کو آگاہ کیا، اور سوالات کے جواب دے کر انتظامی پہلوؤں کو مزید واضح کیا۔اجلاس میں ناظمہ اجتماع عام ثمینہ سعید ، نائب ناظمہ اجتماع راشدہ شاہین ، شاہدہ انصاری ،شاہینہ طارق ،منیرہ نذیر اور طاہرہ مقصود نے شرکت کی۔