( لاہور ۔پ ر) رمضان اور قرآن ، استحکام پاکستان کے ضامن اور آزادی کے محافظ ہیں۔اللہ رب العالمین نے شب قدر میں قرآن کریم نازل فرمایا جو نوع انسانی کے لئے ہدایت اور دنیاوی و اخروی سعادت ہے۔ پاکستان نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور نظریہ ہی اسکے استحکام کا ضامن ہے . 27 رمضان المبارک آزادی و تشکر کا یوم سعید ہے۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے ستائیسویں شب یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ نزول قرآن اور لیلۃ القدر کی ساعتوں میں پاکستان کا عالم وجود میں آنا اللہ تبارک و تعالی کا بر صغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک عظیم تحفہ ہے۔ قرآن کا منشور پوری دنیا سے ظلم کے نظام کا خاتمہ اور عدل کا قیام ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حقیقی منزل اللہ کے دین کی سربلندی اور شریعت محمدی صہ کے نفاذ میں ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان، ریاست مدینہ کے بعد دنیائے اسلام کا وہ ملک ہے جو نظریاتی حوالے سے وجود میں آیا ۔اس کا نام پاکستان خود اس پر دلیل ہے جو رنگ نسل اور زبان و مکان کی قیود سے پاک ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں احکام الہی کے نفاذ، نیکیوں کے فروغ اور معاشرے کو برائیاں سے پاک کرنے کے لیے صالح قیادت ناگزیر ہے۔جس نظریے کی برکت سے ہم نے پاکستان حاصل کیا اسی نظریے یعنی قرآن کریم کی اصولی ہدایات پر عمل پیرا ہوکر اور اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئے ہم پاکستان کو ایک اسلامی ، خوشحال پاکستان بنا سکتے ہیں ۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مبارک شب اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے پاکستان کے تمام معاشی و معاشرتی مسائل ، بدحالی ، قدرتی آفات و حادثات بدامنی ،امت مسلمہ بالخصوص غزہ کے مظلوم و بے بس مسلمانوں، بیت المقدس کے تحفظ اور کشمیر کی آزادی کے لئے اللہ رب العزت سے گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں#