حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع جہلم کے زیر اہتمام دفتر جماعت اسلامی، مشین محلہ نمبر 1 جہلم میں "ہر دل تک قرآن" کے عنوان سے خصوصی نشست منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کی۔ اس موقع پر صوبائی ذمہ دار زاہدہ اشرف، ناظمہ ضلع جہلم لبنیٰ سرمد اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھیں۔
اپنے خطاب میں ثمینہ سعید نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے اور موجودہ حالات میں قرآن کے آفاقی پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی، بدامنی اور اخلاقی زوال کا حقیقی علاج قرآن مجید کی تعلیمات میں موجود ہے، جبکہ قرآن سے وابستگی ہی معاشرتی اصلاح اور پائیدار امن کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان خاتون کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود بھی قرآن کو سمجھے اور دوسروں تک بھی اس کا پیغام پہنچائے۔ فہمِ قرآن کی کلاسیں معاشرے میں مثبت تبدیلی کا مؤثر ذریعہ بن رہی ہیں اور ہمارا مقصد صرف قرآن پڑھنا نہیں بلکہ اس پر عمل کرنے والی نسل تیار کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین خاندان کی پہلی معلمہ ہیں، ان کی اصلاح سے پورا معاشرہ سنور سکتا ہے، جبکہ ہفتہ وار اسٹڈی سرکل قرآن سے مضبوط تعلق پیدا کرنے کی ایک مؤثر تحریک ہے۔
ثمینہ سعید نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین ہر گھر تک قرآن پہنچانے کے مشن کو بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو قرآن سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اگر قرآن کو انفرادی اور اجتماعی زندگی کا رہنما بنا لیا جائے تو معاشرے کے بیشتر مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے جولائی 2026ء سے شروع ہونے والے ہفتہ وار اسٹڈی سرکل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں ہر بدھ کے روز منتخب خواتین کے ساتھ قرآن مجید کا ایک پارہ پڑھا جائے گا، اس پر تدبر و تفکر کیا جائے گا، جبکہ رمضان المبارک تک 24 ہزار مربیات و مدرسات تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ دورۂ قرآن کے ذریعے اللہ تعالیٰ کا پیغام ہر گھر تک پہنچایا جا سکے۔
نشست کے اختتام پر شرکاء نے پروگرام کو نہایت مفید، حوصلہ افزا اور دعوتی سرگرمیوں کے لیے نئی توانائی فراہم کرنے والا قرار دیا۔
