سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوس ناک حادثے کے نتیجے میں معصوم بچوں اور اساتذہ کرام کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ درس گاہیں بچوں کے روشن مستقبل اور محفوظ تربیت کی جگہ ہوتی ہیں، لیکن وہاں معصوم جانوں کا ضیاع انتہائی دردناک اور پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ والدین اپنے بچوں کو علم حاصل کرنے کے لیے اسکول بھیجتے ہیں، نہ کہ ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے لیے۔ اس سانحے نے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت اور حکومتی ذمہ داریوں کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
انہوں نے جاں بحق بچوں اور اساتذہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حادثے کی شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں، غفلت یا بدعنوانی کے مرتکب ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ملک بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا فوری حفاظتی معائنہ کروا کر خطرناک عمارتوں کی مرمت یا ازسرِنو تعمیر یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر اور مرمت میں ناقص میٹریل کے استعمال اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی معاونت کرے، زخمیوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات برداشت کرے اور تعلیمی اداروں کی حفاظت کے لیے مؤثر نگرانی کا مستقل نظام قائم کرے۔ بچوں کی زندگیاں کسی بھی انتظامی غفلت، بدعنوانی یا مالی بچت سے کہیں زیادہ قیمتی ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے زور دیا کہ ایسے سانحات پر محض افسوس اور تعزیت کافی نہیں؛ حکومت کو عملی اقدامات کے ذریعے ثابت کرنا ہوگا کہ بچوں کی جان، تعلیم اور تحفظ اس کی اولین ترجیح ہیں۔ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں-نیز ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ،عطیہ نثار، عفت سجاد، عائشہ سید ، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، ڈپٹی سیکرٹری و نگران میڈیا سیل ثمینہ سعید،نائب نگران میڈیا سیل سعدیہ حمنہ ، سیکرٹری اطلاعات فریحہ مبارک نے بھی چھت گرنے کے افسوس ناک سانحے کے نتیجے میں اساتذہ اور طلباء و طالبات کی ہلاکت پر دلی دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور مرحومین کے لیے مغفرت کی دعا کی ہے.
