July 27th, 2024 (1446محرم20)

الخدمت غزہ بازار اس بات کا اظہار ہے کہ ہم اہل غزہ کو بھولے نہیں ہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق

الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کے زیراہتمام لاہور میں غزہ بازارکا انعقادکیا گیاجس کامقصد غزہ متاثرین سے اظہار یکجہتی اوراُن کے لیے عطیات جمع کرنے کے ساتھ بین الاقوامی مصنوعات کے مقابلے میں پاکستانی مصنوعات کی ترویج کرنا تھا۔ اِس حوالے سے الخدمت کے تحت غزہ بازار میں لگائے گئے سٹالزسے حاصل ہونے و الی آمدنی بھی غزہ متاثرین کے لیے عطیہ کی گئی۔

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے کامیاب غزہ بازار کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غزہ بازار میں خواتین ، بچوں اور ہر شعبہ زندگی کے افراد کی شرکت اس بات کا اظہار ہے کہ ہم اپنے مظلوم بہن بھائیوں کے دکھ درد میں شریک ہیں اور انھیں بھولے نہیں ہیں ۔ہماری ہر کوشش ان کے نام یے۔

غزہ بازار پاکستانی مصنوعات کو متعارف کروانے کا بھی بہترین ذریعہ ہے -غزہ بازار سے حاصل ہونے والی آمدنی مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی ضروریات زندگی کی فراہمی پر صرف کی جائے گی -الخدمت خواتین ٹرسٹ جہاد فلسطین کے آغاز سے ہی مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے لیے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے-

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کے متاثرین کے لیے ہر ممکن امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ حالیہ جنگ کے آغاز کے اگلے ہی دن الخدمت نے غزہ میں موجوداپنی انٹرنیشنل پارٹنرزاین جی اوز کے ذریعے ریسکیو اورریلیف آپریشن کا ہنگامی بنیادوں پر آغازکردیا تھا جو اب تک جاری ہے ۔غزہ سے امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پا کستان ، مصر اور اردن سے بھی امدادی سامان غزہ پہنچایا جا رہا ہے۔

صدر الخدمت نے کہا کہ میں کل رات ہی مصر سے واپس پاکستان پہنچا ہوں۔ جہاں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے غزہ کے6ہزارخاندانوں کیمے لئے 10ٹرالرزپر150ٹن امدادی سامان اسماعلیہ مصر سے غزہ روانہ کیا گیا ہے۔ جس میں راشن،خیمے،کمبل اور میٹرس سمیت دیگرضروری اشیاء شامل ہیں۔ اس سے قبل پاکستان سے این ڈی ایم اے اور ائیرفورس کے تعاون سے الخدمت فاؤنڈیشن نے نورخان ائیربیس سے تین مراحل میں 57ٹن امدادی سامان روانہ کیا۔ غزہ میں میڈیکل ریلیف کانظام مکمل طورپرتباہ ہوچکاہے زخمیوں اورمریضوں کی منتقلی کیلئے ایمبولینس دستیاب نہیں ہیں الخدمت فاؤنڈیشن نے 20جدید ایمبولینس غزہ بھجوانے کا پلان بنایاہے جن میں تین ایمبولینس تیارہوچکی ہیں اور فوری غزہ بھجوانے کیلئے ورکنگ جاری ہے۔ انہوں نے الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ کو غزہ بازار جیسے شاندار ایونٹ پر مبارکباد پیش کی اور شرکاء سے اپیل کی کہ وہ الخدمت غزہ بازار سے زیادہ سے زیادہ خریداری کریں تاکہ غزہ متاثرین کی بہتر انداز میں مدد کی جاسکے۔ اِس موقع پرالخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی چیئر پرسن نویدہ انیس نے کہا کہ الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ خدمت کا ایک معتبر نام ہے۔ الخدمت غزہ بازار کا مقصد متاثرین کی امداد کے ساتھ ساتھ لوگوں میں غزہ کے حوالے سے احساس پیدا کرنا اور دکھ درد بانٹنے کی کوشش کرنا ہے۔غزہ بازار چیرٹی بازار کا آئیڈیا ہے جس سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی غزہ متاثرین کے لیے عطیہ کی جائے گی