June 7th, 2025 (1446ذو الحجة10)

خضدار بلوچستان میں معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا بدترین سفاکیت ہے۔ بھارت ملوث ہے ۔ ڈاکٹر حمیرا طارق 

 حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے 
 
 ڈاکٹر حمیرا طارق نے خضدار بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا سفاکیت  کی بدترین مثال ہے۔ یہ واقعہ ہمارے دلوں کو زخمی کرنے کے ساتھ ساتھ پوری قوم کو غم اور صدمے میں مبتلا کرنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ملک دشمن عناصر کی سازش کا حصہ ہیں، جن کا مقصد پاکستان میں خوف و ہراس پھیلانا اور قوم کو تقسیم کرنا ہے۔ اس حملے میں بھارت اور دیگر بیرونی قوتوں کے ملوث ہونے کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو چاہیے کہ وہ فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان عناصر کو بے نقاب کریں اور قرار واقعی سزا دیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو صحت کاملہ و عاجلہ نصیب فرمائے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مستقل حکمت عملی اپنائی جائے