September 24th, 2026 (1448ربيع الثاني13)

دھرنا موخر، مگر عوامی حقوق کی جنگ جاری ہے، ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے: ثمینہ سعید

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی قائم مقام سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ دھرنا موخر ہوا ہے، عوامی حقوق کی جدوجہد ختم نہیں ہوئی، جماعت اسلامی اپنے مطالبات اور مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹی۔ وزیراعظم پاکستان سے ہونے والی بات چیت میں بھی عوام کا مقدمہ پوری قوت، وضاحت اور دوٹوک انداز میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ جماعت اسلامی کے بنیادی اور اصل مطالبات میں شامل ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور معاشی مشکلات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، ایسے میں کسی نئے مالی بوجھ کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مزید بوجھ ڈالنے کے اقدامات پر سنجیدگی سے نظرثانی کی ضرورت ہے۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے مؤقف پر پوری طرح ثابت قدم ہے اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ دھرنا موخر کرنا کسی صورت پسپائی نہیں بلکہ عوامی مطالبات کے حصول کے لیے جدوجہد کے اگلے مرحلے میں داخل ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں لیکن عوامی مطالبات بھی پوری قوت کے ساتھ میز پر موجود ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کے حق کی آواز بلند کرتی رہے گی اور حقیقی ریلیف کے لیے اپنا مؤقف ہر متعلقہ فورم پر پیش کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کی یہ جدوجہد کسی ایک دن یا ایک دھرنے تک محدود نہیں، عوام کو درپیش معاشی مسائل کے حل تک آواز اٹھانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عوام کو حقیقی ریلیف دینا اور پٹرولیم لیوی جیسے اضافی مالی بوجھ کے خاتمے کی طرف پیش رفت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ثمینہ سعید نے دھرنے کے دوران بھرپور اعتماد، صبر، تعاون اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے کارکنان اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر رکا نہیں، صرف اگلے مرحلے میں داخل ہوا ہے؛ عوامی حقوق کا مقدمہ بدستور جاری ہے