September 20th, 2024 (1446ربيع الأول16)

سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق کا باغ جناح کراچی میں کامیاب جلسہ عام پر اظہار تشکر

ملک کے طول و عرض میں جماعت اسلامی کی جاری الیکشن مہم کے سلسلے میں  جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام عوامی جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں خواتین ، طالبات اور بچوں نے شرکت کی- سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے  کامیاب جلسہ عام پر اظہار تشکر کے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار کو منزل نہیں بلکہ قرآن کے دستور کے نفاذ اور ترقی یافتہ پاکستان کا راستہ سمجھتی ہے۔جماعت اسلامی موروثی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ۔جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی سابقہ کارکردگی کرپشن سے پاک دیانت کی مثال رہی ہے 
۔انھوں نے اپنے بیان میں کہا ک جماعت اسلامی کے منشور میں خواتین کے لئے تعلیم وصحت کے  بہترین منصوبےاور قرآن کے عطا کردہ وہ تمام حقوق موجود ہیں،جو قانون کا حصہ ہونےکے باوجود عورت ان سے محروم ہے ۔جماعت اسلامی کی اولین ترجیح خواتین کی تعلیم ، تربیت و ترقی ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے  نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اپنے اسلامی، فلاحی، انقلابی منشور اور ملک گیر بھرپور انتخابی مہم کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔ ہم ملک کو بحرانوں سے نکال کر ان شاءاللہ اسلامی، خوش حال پاکستان بنائیں گے-
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کراچی کے طول و عرض  سے ہزاروں کارکنان کی شرکت اور کراچی جلسہ عام کے کامیاب انعقاد پر کراچی کے کارکنان و ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی جلسہ عام میں ہزاروں خواتین اور بچوں کی بھرپور شرکت کراچی کے نظم اور کارکنان کی مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے خواتین کو اہل خانہ کے ساتھ بھرپور شرکت پر بھی خراج تحسین پیش کیا جو جماعت اسلامی سے  اظہارِ عزم و اعتماد کے لیے جلسہ عام  میں شریک ہوئیں