حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع ملیر کے تحت پیر کے روز مرکزی دورہ قرآن فہمی کلاسز کا انعقاد کیا گیا، جس میں نائب قیمہ جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ناظمہ کراچی جاوداں فہیم، معتمدہ کراچی ساجدہ تنویر، نائبات فرح عمران اور ندیمہ تسنیم بھی ان کے ہمراہ تھیں۔پروگرام 2 اہم سیشنز پر مشتمل تھا جن کا مقصد قرآن فہمی کلاسز کے معیار کو بہتر بنانا، شرکا کی دینی و فکری تربیت کو مؤثر بنانا اور مربیات کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔پہلے سیشن میں ثمینہ سعید نے قرآن فہمی کلاسز کے شرکا سے مختلف سوالات کے ذریعے نصاب کی تفہیم اور اس کے اثرات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شرکا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے قرآن کریم کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔ اس دوران انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سب سے بڑی سنت، یعنی اللہ تعالیٰ کے دین کو لوگوں تک پہنچانے اور اس پر عمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس تصور کو شرکا کے ذہنوں میں راسخ کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ قرآن فہمی کلاسز کا اصل مقصد صرف معلومات کا حصول نہیں بلکہ قرآن کے پیغام کو سمجھ کر اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا اور معاشرے میں خیر و بھلائی کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے شرکا کو دعوت دی کہ وہ قرآن سے اپنے تعلق کو مزید مضبوط کریں اور اس کے پیغام کو اپنے خاندان، دوستوں اور معاشرے تک پہنچانے میں فعال کردار ادا کریں۔دوسرے سیشن میں ثمینہ سعید نے قرآن فہمی کلاسز کی مربیات کے لیے’’ مؤثر اسٹڈی سرکل کیسے کرایا جائے‘‘ کے موضوع پر ایک تربیتی ورکشاپ منعقد کی۔ ورکشاپ میں انہوں نے مؤثر تدریسی انداز، شرکا کی ذہن سازی، مکالمے اور سوال و جواب کے ذریعے سیکھنے کے عمل کو بہتر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ وہ قرآن فہمی کلاسز کو محض تعلیمی سرگرمی تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں دعوتی اور تربیتی مراکز کے طور پر فعال بنائیں، جہاں شرکا کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں جماعت کے مشن اور مقاصد سے بھی جوڑا جا سکے۔ انہوں نے بہترین ذہن سازی اور انفرادی توجہ کے ذریعے ممبر سازی اور کارکن سازی کے اہداف کے حصول کی اہمیت پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔پروگرام کے اختتام پر شرکا نے اس تربیتی و فکری نشست کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قرآن فہمی کلاسز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ خواتین تک قرآن کریم کے پیغام کو پہنچانے اور معاشرے میں مثبت اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھیں گی۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع قائدین کے مختلف علاقوں کے تفہیم القرآن کورس کے شرکا کی اجتماعی نشست قرآن انسٹی ٹوٹ کیمپس ون میں رکھی گئی ،مرکز سے انیلا محمود نے شرکا سے ملاقات و تذکیری گفتگو کی،جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ٹیم سے شیبا طاہر،حمیرا امان،ہاجرہ عرفان اور سمیعہ عاصم نے بھی شرکا سے ملاقات کی۔ انیلا محمود مرکزی ذمے دار ہیں، انیلا محمود ایک معروف سائیکالوجسٹ، موٹیویشنل اسپیکر اور تربیت کار ہیں، بزنس فورم کی سینئر وائس پریذیڈنٹ، ہر دل تک قرآن پروجیکٹ پاکستان کی مرکزی نگران اور حلقہ لاہور کی شوریٰ، وسطی پنجاب کی شوریٰ کی رکن ہیں، ذہنی صحت، شخصیت سازی، نوجوانوں کی رہنمائی اور قرآنی تعلیمات کے فروغ کے میدان میں انیلا محمود کی خدمات نمایاں ہیںاور وہ مختلف تربیتی و فکری فورمز پر مؤثر انداز میں اپنے خیالات پیش کرتی ہیں۔
