March 12th, 2025 (1446رمضان12)

رمضان المبارک تزکیہ نفس ، معاشرے میں خیرات و حسنات کے فروغ اور عبادات کا مہینہ ہے ۔ڈاکٹر حمیرا طارق

 ماہ صیام میں ملک میں امن و امان ،فلسطین اور کشمیر کے عوام کو دعا و انفاق میں رکھیں
  حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر  حمیرا طارق نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں ایک مرتبہ پھر اس ماہ مبارک کے فیوض و برکات سمیٹنے کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔رمضان المبارک محض روزہ رکھنے کا مہینہ نہیں بلکہ یہ ہمیں اپنی روحانی پاکیزگی، تزکیہ نفس اور عبادات میں بہتری لانے کا موقع فراہم کرتا ہے ہمیں اس ماہ مبارک کی ہر گھڑی میں اپنی زندگیوں کو عبادات توبہ اور صدقہ دینے کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں معرضِ وجود میں آیا۔ رمضان کی رحمتوں میں وطنِ عزیز کی سلامتی، امن و استحکام،دشمن کی چالوں کی ناکامیوں اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ استغفار کو معمول بنا لیں ۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے لہذا ماہ رمضان میں ہمیں روزوں،اور نفل عبادات کے ساتھ قرآن کی تلاوت اور اس کے معنی پر غور وفکر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ ہم اس مہینے کی برکتوں کو بھرپور طریقے سے حاصل کر سکیں ۔رمضان المبارک میں اہل فلسطین و کشمیر کے صبر و استقامت اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر حمیرا طارق نےکہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں فلسطین اور کشمیری عوام کی زیادہ سے زیادہ حمایت اور مدد کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔اس رمضان میں ہمیں خاص طور پر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے دل کی گہرائیوں سے دعا کرنی چاہیے جو اپنی آزادی اور حقوق کے لئے ظلم و ستم سہہ رہے ہیں۔ ڈاکٹر  حمیرا طارق نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی نیکیوں کے حصول کے لئے استقبال رمضان کی تیاری کریں ۔قرآن کریم سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں، زیادہ سے زیادہ انفاق کریں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی تعلیمات پر پابندی سے عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس ماہ مبارک کی برکت سے وطن عزیز اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل میں ہماری مدد فرمائے-