March 17th, 2026 (1447رمضان29)

ہر دل تک قرآن — حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے تحت ملک گیر دورۂ تفسیر کی کامیابی پر مدرسات کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں دورۂ تفسیر قرآن کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کرنے والی مدرسات کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب  منعقد کی گئ  جس میں سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق ، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید  سمیت مختلف اضلاع سے آنے والی مدرسات ، قاریات اور ذمہ داران  کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ملک بھر میں قرآن کے پیغام کو عام کرنے والی مدرسات کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اور ان کی کاوشوں پر اظہار تشکر کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے مدرسات کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید صرف پڑھنے کی کتاب نہیں بلکہ یہ انسان کی پوری زندگی کی رہنمائی کرنے والی کتاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نشست دراصل ان خوش نصیب خواتین کے اعزاز میں منعقد کی گئی ہے جنہوں نے اپنے گھروں، محلوں اور شہروں میں قرآن کے پیغام کو دلوں تک پہنچانے کا عظیم فریضہ انجام دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک تعلیمی سرگرمی نہیں بلکہ ایک روحانی تحریک ہے جس نے ہزاروں دلوں کو قرآن کے نور سے منور کیا۔
انہوں نے کہا کہ مدرسات نے ثابت کیا ہے کہ جب خواتین قرآن کے پیغام کی امین بن جائیں تو معاشرہ خود بخود خیر اور بھلائی کی طرف بڑھنے لگتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس سال پورے ملک میں پہلی مرتبہ ایک ہی عنوان “ہر دل تک قرآن” کے تحت ایک ہی شیڈول اور ایک ہی نصاب کے مطابق دورۂ قرآن کا انعقاد کا خواب تعبیر پاگیا - دروس قرآن کو نتیجہ خیز بنانے اور اسے مولانا مودودی کے لٹریچر سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک تھیم ایک نظریے ایک سوچ کے تحت باقاعدہ تربیت یافتہ مدرسین کے ذریعے ہدف بنا کر کام کیا گیا  تو رزلٹ 200 فیصد سے زیادہ ملا- ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ بانی جماعت مولانا مودودی  رحمۃاللہ کا نظریہ تھا کہ قرآن کی دعوت لے کر اٹھو اور پوری دنیا پر چھا جاؤ -اہم بات یہ ہے کہ ہر دل تک قرآن مہم  کے دوران مدرسات کے پاس جتنے افراد آئے وہ پورے دینی شعور کے ساتھ ممبر بن گئے: لہذا  قرآن کو معاشرے کی رہنمائی کا مرکز بنانے کی کوششیں منظم انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں -انہوں نے مدرسات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام اخلاص ہے صرف رب کے لیے خالص ہو جانا ہے۔۔صرف ایک ہی ذمہ داری ہے ہر دل تک قرآن   آپ سب صرف قرآن پڑھانے والی نہیں بلکہ امید، ایمان اور اصلاحِ معاشرہ کی سفیر ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی ثمینہ سعید نے بھی مدرسات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دورۂ تفسیر کے انعقاد میں حصہ لینے والی تمام مدرسات اخلاص، محنت اور لگن کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر وہ خاتون جس نے قرآن سیکھا یا سکھایا دراصل ایک روشن چراغ کی مانند ہے جو معاشرے کے اندھیروں کو روشنی میں بدل دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسات نے نہ صرف قرآن کی تعلیم دی بلکہ خواتین کے دلوں میں قرآن کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا کیا اور ایک صالح اور باکردار معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔یہ سلسلہ جاری رہے گا اور اسی طرح منظم انداز میں فہم القرآن کورسز کروائے جائیں گے
معروف اسکالر شاہد وارثی جو کہ اس پراجیکٹ کے ڈائریکٹر بھی ہیں ، نے کہا کہ آپ کی دعوت اصل قرآن کی دعوت ہے لوگ اس سے جڑیں گے- اس مرتبہ خاص پلاننگ کے تحت  مہم کے نتیجے میں ملک بھر میں 8000 مقامات پر دورۂ قرآن منعقد ہوا جبکہ صرف لاہور میں 740 مقامات پر دورۂ تفسیر کا انعقاد کیا گیا۔ پہلی مرتبہ پورے ملک میں “ہر دل تک قرآن” کے عنوان کے تحت ایک ہی شیڈول اور ایک ہی نصاب کے مطابق دورۂ قرآن منعقد کیا گیا جس کے ذریعے ہزاروں خواتین نے قرآن کو سمجھنے اور اس کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کا عزم کیا۔- اگر ارکان و امیدواران اپنی اپنی  سطح پر سائنٹفک طریقے سے کام کریں تو ارکان و کارکنان میں بے پناہ اضافہ ہو گا ۔۔اگلے سال مزید سائنٹفک طریقے سے دورہ قرآن ہو گا- باقاعدہ منظم تربیت کے نتیجے میں  مدرسین کی سوچ  بدل گئ اور اہداف کو حاصل کر لیا
ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نےدورۂ تفسیر کے انعقاد میں نمایاں خدمات انجام دینے والی مدرسات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قرآن کے پیغام کو معاشرے کے ہر طبقے اور ہر دل تک پہنچانے کی جدوجہد آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں ، ڈائریکٹر مدرسات ٹریننگ پروگرام انیلہ محمود ،صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید ، صدر حلقہ لاہور عظمی عمران ، نگران یوتھ ڈیسک عروشہ عامر ، شفق شہزاد نگران سوشل میڈیا خالدہ شہزاد ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شہناز عاصمہ ،صفیہ ناصر بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھیں#