November 23rd, 2026 (1448جمادى الثانية12)

مہنگائی کے ستائے عوام کو روزگار اور حلال رزق کے مواقع دینا بھی خدمتِ دین ہے، پاکستانی مصنوعات خرید کر ملکی معیشت مضبوط بنائیں: ڈاکٹر حمیرا طارق

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ اسلام مشکلات کو آسان کرنے، لوگوں کے لیے سہولت پیدا کرنے اور رزقِ حلال کے مواقع فراہم کرنے کا درس دیتا ہے۔ آج مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام، ڈیڑھ کروڑ اسکول سے باہر بچے اور طبی سہولیات سے محروم افراد ہمارے معاشرے کے بڑے چیلنج ہیں۔ ان حالات میں لوگوں کو معاشی طور پر سہارا دینا، ہنر اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنا اور عوامی مشکلات کم کرنے کی جدوجہد جماعت اسلامی کا مشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کی ٹولپ مارکی میں جاری دو روزہ ’’میرا برانڈ پاکستان ایکسپو 2026‘‘ کے دوسرے روز خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ صحابیاتؓ بھی معاشی سرگرمیوں میں حصہ لیتی اور حلال رزق کماتی تھیں، وہ زندگی کے مختلف میدانوں میں مردوں سے پیچھے نہیں تھیں۔ جماعت اسلامی ویمن ونگ پاکستانی خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں معاشی خودمختاری کے مواقع دینے کے لیے پاک انٹرنیشنل بزنس فورم جیسے پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو نمائش میں عوام کی جانب سے بہت پسند کیا گیا ہے، ہمیں اپنی مصنوعات پر فخر کرنا اور ’’پاکستانی بنیے، پاکستانی مصنوعات خریدیے‘‘ کے پیغام کو عام کرنا چاہیے تاکہ مقامی کاروبار مضبوط اور ملکی معیشت مستحکم ہو۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے ’’ہر دل تک قرآن‘‘ کے اسٹیج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم صرف تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ زندگی، کردار، معاملات اور کاروبار میں رہنمائی فراہم کرنے والا مکمل ضابطہ ہے۔ قرآن سے تعلق انسان کے دل، سوچ اور عمل کو سنوارتا ہے؛ معاشی جدوجہد ہو یا معاشرتی خدمت، قرآنی تعلیمات کو زندگی میں نافذ کرنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔
وائس پریزیڈنٹ پاک انٹرنیشنل بزنس فورم نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرا برانڈ پاکستان ایکسپو مقامی صنعت کاروں، کاروباری افراد، خواتین، نوجوانوں اور صارفین کے درمیان رابطے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی برانڈز کو اپنی مصنوعات متعارف کروانے، نئے صارفین تک رسائی اور کاروبار کو وسعت دینے کے مواقع میسر آئے ہیں، جو ملکی معیشت اور خودکفالت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
دو روزہ نمائش کے دوسرے روز بھی ملبوسات، غذائی و ڈیری مصنوعات، بیکری، تعلیم و تربیت، آئی ٹی، جدید ٹیکنالوجی، خواتین کے کاروبار اور بچوں کی سرگرمیوں کے اسٹالز عوام کی توجہ کا مرکز رہے۔ خدیجۃ الکبریٰ ایریا میں خواتین کے کاروباری برانڈز، کڈز پویلین میں بچوں کی دلچسپ سرگرمیاں اور یوتھ ایرینا میں ’’ہر دل تک قرآن‘‘ پروگرام کے ساتھ مختلف تربیتی و تفریحی سرگرمیاں جاری رہیں۔ رضاکاروں، قرآن پروگرام کے منتظمین اور فہم القرآن کورس مکمل کرنے والے شرکاء کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عائشہ سید، عفت سجاد، ناظمہ حلقہ اسلام آباد قدسیہ ناموس، نائب ناظمہ عظمیٰ عارف، کلثوم سرور، عطیہ خاتون اور ڈاکٹر نوید بٹ سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔