حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ آزادی کی قدر وقیمت ان اقوام سے پوچھیں جو اس نعمت سے محروم ہیں ، کشمیر ی و فلسطینی اسی آزادی کی خاطر سالہاسال بھاری جانی و مالی قربانیاں دینے کے باوجود اس نعمت سے محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور اور پریس کلب کے درمیان ملی نغمات کے مقابلے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال اور 70 فیصد جوانوں کی آبادی پر مشتمل ملک ہے، وطن عزیز سے مایوسی اور بد دلی کفر ہے ،آزادی کی قدر کیجئے اور اس کی لذت بھری نعمتوں سے استفادہ کیجئے۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام طالبات کے درمیان ملی نغموں کا دلچسپ مقابلہ ہوا۔ ڈائریکٹر میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے انعامات تقسیم کیے ،اس کے علاوہ جے آئی یوتھ ڈیسک کی مرکزی نگراں عروشہ عامر خان ، مرکزی شعبہ نشرواشاعت سے شہناز عاصمہ ، صوبائی ذمے داران صفیہ ناصر ، شازیہ محمود اور ضلع لاہور سے ثمینہ زبیر ی اس تقریب میں موجود تھیں ۔