قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے جماعت اسلامی کے دھرنے کے ایک ماہ مکمل ہونے پر ارکان و کارکنان اور عوام کی غیر معمولی استقامت، عزم اور ثابت قدمی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیس دن گزر گئے، مگر ہمارے حوصلے نہیں ٹوٹے؛ یہ دھرنا ثابت کر رہا ہے کہ حق کی آواز کو وقت نہیں، صرف استقامت درکار ہوتی ہے۔
دھرنے کے تیسویں روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ سعید نے کہا کہ ایک ماہ تک شدید گرمی، مشکلات اور حکومتی بے حسی کے باوجود دھرنے میں عوام کی مسلسل شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ صرف جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کے حقوق کا مقدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیں، بہنیں، بیٹیاں، نوجوان، بزرگ اور بچے جس عزم کے ساتھ اس جدوجہد میں شریک ہیں، وہ پاکستان کے روشن اور باوقار مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام کارکنان، ارکان اور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک ماہ تک اپنے عزم کو کمزور نہیں ہونے دیا۔ یہ استقامت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور یہی طاقت حکمرانوں کو عوام کے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کرے گی۔
ثمینہ سعید نے کہا کہ دھرنے کا ایک ماہ مکمل ہونا اختتام نہیں، بلکہ اس امر کا اعلان ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے اب مزید بیدار، منظم اور متحد ہو چکے ہیں۔ مہنگی بجلی، پٹرولیم لیوی، ہوشربا مہنگائی اور حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات کے خلاف ہماری آواز اس وقت تک بلند رہے گی جب تک عوام کو حقیقی ریلیف نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین نے اس جدوجہد میں ثابت کیا ہے کہ وہ صرف گھروں کی محافظ نہیں بلکہ ملک کے مستقبل، معیشت اور عوامی حقوق کی محافظ بھی ہیں۔ ہم اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے میدان میں ہیں اور اپنے جائز مطالبات سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کے حوصلے ایک ماہ کے دھرنے سے بلند تر ہوں، انہیں کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ آج کا دن ہر کارکن کے لیے فخر کا دن ہے کہ ہم نے ثابت کیا کہ پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد مسلسل محنت اور استقامت سے کامیابی کی منزل تک پہنچ سکتی ہے۔
ثمینہ سعید نے دھرنے کے تمام شرکاء، کارکنان، ارکان اور بالخصوص خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ماہ ہماری تاریخ کا صرف ایک باب نہیں بلکہ عوامی بیداری کی ایک نئی داستان ہے۔ جب قومیں اپنے حقوق کے لیے کھڑی ہو جائیں تو اقتدار کے ایوانوں کو عوام کی آواز سننا پڑتی ہے- اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں ، ناظمہ وسطی پنجاب نازیہ توحید ، ناظمہ حلقہ لاہور عظمی عمران بھی موجود تھیں
