May 2nd, 2024 (1445شوال23)

عید الفطر کے موقع پر فلسطین ،کشمیر اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو یاد رکھیں ۔ ڈاکٹر حمیرا طارق

 حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے تکمیل رمضان المبارک اور عید الفطر کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماہ رمضان نفس کی اصلاح اور بشری کمزوریوں پر قابو پانے کی تربیت گاہ ہے- تقوی اور ایمان کے ساتھ رمضان المبارک میں بھلائیاں اور برکتیں سمیٹنے والے یقینا مبارکباد کے مستحق ہیں .اللہ تعالی اہل ایمان کی عبادتیں اور ریاضتیں قبول۔فرمائے اور اسی اجر عظیم کا حق دار ٹھہرائے جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے . 
 روزوں کے ذریعے حاصل کیے گئے تقوی اور تربیت نفس کو اللہ تعالی ہمارے اخلاق و کردار کا پختہ جزو بنا دے -
 انہوں نے کہا کہ اہل غزہ صہیونیوں کے ہاتھوں مسلسل مشق ستم بنے ہوئے ہیں -غزہ میں فلسطینیوں نے یقین، تقویٰ، عبادات، توکل علی اللہ اور استقامت کا کوہِ گراں بن کر بندگی رب کا حق ادا کر دیا ہے-دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کے دوران اہل غزہ کے معیار تقوی پر تدبر و فکرکا مقام ہے  
 اہلِ غزہ نے قرآن و سنت کی روشنی کو اپنا مشعل راہ بنایا 
 اللہ تعالی امن و عافیت کے تہوار عید الفطر کے موقع پر اہل غزہ کے  فاقہ زدہ معصوم بچوں کی خوشیاں ان کو لوٹا دیں -  
 ماہ مبارک میں انفاق فی سبیل اللہ کا جذبہ بڑھ جاتا ہے
 لہذا عید کی ان سعادت بھری گھڑیوں میں فلسطین اور کشمیر سمیت دنیا کے دیگر مظلوم مسلمانوں کو اپنی اعانت و دعاؤں میں یاد رکھیں اور اپنے آس پاس موجود سفید پوش نادار اور دکھی انسانوں کی بھر پور مدد کر کے ان کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں