January 15th, 2025 (1446رجب15)

زندہ قومیں وطن کی خود مختاری اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتیں-ڈاکٹر حمیرا طارق

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق کا پیغام

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی  پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق  نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ایک خصوصی پیغام میں مسلح افواج کی قربانیوں اور وطن کی دفاع میں ان کی بے پناہ خدمات اور بے لوث جذبے  کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ وطن کا دفاع افواج پاکستان اور غیور عوام کے لیے پہلی ترجیح ہے - ہمیں اپنے وطن کی سالمیت اور خود مختاری کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی فوج کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنا ہے-
انہوں نے کہا کہ مکار دشمن نے رات کے اندھیرے میں حملہ کر کے اپنے بزدل ہونے کا ثبوت دیا مگر افواج پاکستان کی دیدہ دلیری اور مستعدی نے دفاع پاکستان کو نا قابل تسخیر بنا دیا-
 آج وطن عزیز اندروونی و بیرونی سازشوں میں گھرا محسوس ہوتا ہے - پھر سے وطن کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ہییں بحثیت قوم 1965 والے اتحاد ، عزم اور جذبے کی ضرورت ہے - وطن کی جغرافیائ سرحدوں کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کو بھی مضبوط بنانا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اج کا دن ہمیں وطن کے دفاع کومضبوط اور ناقابل تسخیر بنانے کے لیے دعوت عمل دیتا ہے -
تمام اہل وطن کو متحد کرنے اور عوامی رابطے کے بندھن کو مضبوط کرنے کے لیے جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عظیم الشان رابطہ عوام مہم کا اغاز کیا ہے - جس کے تحت نہ صرف عوام متحد ہوں گے بلکہ وطن عزیز کو مسائل کے بھنور سے نکلنے میں مدد ملے گی -
جس طرح پاکستان کی  مسلح افواج نے جان پر کھیل کر وطن عزیز کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنایا - اسی طرح ہم مضبوط  عوامی رابطے سے اندرونی و بیرونی سازشوں کو نا کام بنا دیں گے - اور پاکستان خوشحال اور مضبوط اسلامی پاکستان کی منزل کی جانب رواں دواں ہو گا -