فتح مکہ 20 رمضان مبارک 8 ھ تاریخ نبوت کا عظیم الشان عنوان ہے, یہ سیرت مقدسہ کا وہ سنہرا باب ہے جس کی آب و تاب سے ہر مومن کا قلب قیامت تک مسرتوں کا آفتاب بنا رہے گا۔فتح مکہ کی عظمت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ یہ معرکہ بغیر کسی بڑی خونریزی کے سر ہوا۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے یوم فتح مکہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ فتح مکہ عالمی امن کی بہترین مثال ہے جو آج بھی انسانوں کے لئے حقیقی امن کی ضمانت ہے۔قرآن کریم میں اللہ تبارک و تعالٰی نے مسلمانوں کو اس فتح مبین کی بشارت دی تھی لہذا اس معرکہ سے ہمیں اللہ کے وعدہ پر یقین اور صبر کا درس ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگ بدر ہو یا فتح مکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اطاعت الہٰی اور اطاعت رسول صہ کی ایسی عظیم مثال پیش کی جس کی وجہ سے مسلمانوں کو ظاہری حالات کے بر خلاف فتح نصیب ہوئی ۔انہوں نے مذید کہا کہ دین سے وابستہ افراد بالخصوص اس کی اشاعت و تحفظ کرنے والوں کے لئے فتح مکہ کے واقعہ سے ایک طرف تو یہ سبق ملتا ہے کہ اسلام پر عمل کرنے اور اس کے لئے سختیاں برداشت کرنے والوں کو اللہ رب العزت ضرور سرخرو فرماتے ہیں تو دوسری طرف اس بات کا ادراک بھی ہوتا ہے کہ ذاتی رنجشیں ، قومی و علاقائی اور خاندانی دشمنیاں یہاں تک کہ اپنی جان و مال کے دشمنوں کو اللہ اور اس کے دین کی خاطر معاف کر دینا اسوہء پیغمبری ہے ۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ فی زمانہ امت مسلمہ کو سچی رہبری اور حکمت کے ساتھ دعوت دین کے فریضے کو انجام دینے کی ضرورت ہے۔عالمی امن کی جستجو میں سرگرداں افراد اور تنظیموں کو فتح مکہ کے عالمگیر پیغام سے اپنے لائحہ عمل کے لئے روشنی حاصل کرنی چاہیئے