March 29th, 2024 (1445رمضان19)

،جماعت اسلامی تہذیب اور خاندانی نظام کے بگاڑ کو روکنے کے لیے کوشاں ہے۔دردانہ صدیقی

 سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو معاشرے کی بنیادی اکائی خاندان کو تحفظ اور رہنمائی فراہم کرتا ہے،صرف ایک یوم منانے کی بجائے زندگی بھر خاندان کے استحکام کے لئے کوششوں کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم خاندان کے موقع پر اپنے ایک  بیان میں کیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ خاندان ایک الہامی ادارہ ہے، اسی پر معاشرے کی بنیاد ہے، خاندان میں ہماری نسلیں پروان چڑھتی ہیں۔ فیملی سسٹم کی مضبوطی معاشرے کی مضبوطی کی ضامن ہے جس سے  دنیا بہتری کی طرف گامزن ہو گی، دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ نسلوں کی تعمیر اور  تربیت کا ادارہ خاندان ہے۔جہاں سے معاشرے کو بہترین فرد فراہم کیا جاتا ہے، خاندان کا ادارہ صرف معاشرے کی نہیں بلکہ انسانیت کی ضرورت ہے۔خاندانی نظام انسان کی ترقی اور بہبود کی ضمانت ہے، فیملی سسٹم ہی انسان کا سپورٹ سسٹم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان معاشرے کی اکائی اور بنیادی یونٹ ہے۔ اچھے خاندان سے ہی خوبصورت سماج تشکیل پاتا ہے. مگر بد قسمتی سے آج خاندان  ٹوٹ پھوٹ اور بے سکونی کا شکار ہیں، یہ معاشرے کے لیے  لمحہ فکریہ ہے،جماعت اسلامی تہذیب اور خاندانی نظام کے بگاڑ کو روکنے کے لیے اور اسے مستحکم بنانے کے لئے اپنے مختلف پراجیکٹس اور شعبہ جات کے ساتھ معاشرے کی رہنمائی کررہی ہے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی خواتین  اس جدوجہد میں اپنا بھرپور ادا کرنے میں ہمارا ساتھ دیں .