April 16th, 2024 (1445شوال7)

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا عمل ناقابل برداشت ہے،آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عطیہ نثار

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی قائم مقام سیکرٹری جنرل عطیہ نثار نے سو یڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی گھناؤنا اور ناقابل برداشت عمل قرار دیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ قرآنِ مجید محض کوئی لٹریچر نہیں بلکہ خالقِ کائنات کا کلام ہے جس کی تعظیم دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سُرخ لائن کی حیثیت رکھتی ہے، اس کی اہانت سے نہ صرف اربوں انسانوں کے دل زخمی ہوئے بلکہ جذبات بھی بری طرح مجروح اور مشتعل ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، قرآن پاک کی بےحرمتی کا یہ عمل احمقانہ، اشتعال انگیز اور اسلامو فوبیا کا مظہر ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اور او آئی سی اس ناقابل برداشت عمل کا نوٹس لے اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے اجتماعی اور سنجیدہ ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔