April 19th, 2024 (1445شوال10)

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی کا وفد کے ہمراہ صوبہ سندھ ٹنڈوآدم اور حیدرآباد میں سیلاب متاثرین کے کیپمس کا دورہ*

 بے گھر ہونے والے مصیبت زدہ سیلاب متاثرین آزمائش سے گذر رہے ہیں مگر ایک آزمائش انکی بھی ہے جو عافیت میں ہیں- یہ انکی آزمائش ہے کہ اس موقع پر وہ کیا رویہ اختیار کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حلقہ خواٹین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے سیلاب متاثرین کے رہائشی کیمپ ٹنڈوآدم اور حیدر آبادکے دورے کے بعد کارکنان سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ جس وقت بارش اور سیلاب نے سارے رابطے منقطع کردیے تھے سب نیٹ ورک بند ہوگئے تھے- اس وقت بھی بس ایک رابطہ تھا جو قائم تھا اور وہ بندے کا اپنے رب سے تعلق ہے۔اس تعلق کو کمزور نہ پڑنے دیں ۔اللہ کے بندوں کی مدد کرنے والوں کا اللہ مددگار ہوتا ہے۔ان مصیبت زدگان کی مدد کیجیے اور ان عافیتوں کاصدقہ دیجئے جو ہمیں میسر ہیں-سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی کی قیادت میں ذمہ داران کے وفد نے صوبہ سندھ کے اضلاع حیدرآباد اور ٹنڈو آدم ضلع سانگھڑ کا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ براڈ کاسٹ جرنلسٹ فہمیدہ یوسفی، سیکریٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی تسنیم معظم ،ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطیہ نثار،ڈائیریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور،قائم مقام ناظمہ صوبہ سندھ عظمی عمران،نائب ناظمات عائشہ ودود،شگفتہ ابراہیم معتمدہ انوری بیگم ، صوبائ نگران نشرواشاعت عالیہ شمیم ، نگران الخدمت صوبہ سندھ نجمہ ارشاد شامل تھیں وفد سولنگی سے ہوتا ہوا ٹنڈو آدم پہنچا جہاں ٹنڈو آدم کے دو اسکولوں میں قائم کیمپس کا دورہ کیا۔ دورے میں ناظمہ ضلع سانگھڑ فرحت حیات اور ناظمہ ضلع ٹنڈو آدم انکے ساتھ تھیں انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں بچوں کے لئے قرآن کلاس رکھی جاتی ہے اور الخدمت کی جانب سے دو وقت کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے ۔

کیمپ میں ہندو کمیونٹی کے خاندان بھی مقیم تھے۔وفد نے بچوں میں بسکٹ اور ٹافیاں بھی تقسیم کیں۔ علاؤہ ازیں دردانہ صدیقی نے کارکنان سے خطاب کیا اور ناظمہ ٹنڈو آدم کو امدادی سرگرمیوں کے لئے فنڈ بھی دیا ۔ بعد ازاں حیدرآباد میں ناظمہ ضلع حیدرآباد رخسانہ تنویر اور انکی ٹیم نے وفد کو اب تک ہونے والی امدادی سرگرمیوں اور صورتحال پر بریفننگ دی اس موقع پر وفد کو تین اسکولوں میں قائم کیمپس کا دورہ کرایا گیا اور متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا ۔ سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے تمام کیمپس میں خواتین بچوں سے ملاقات کی انکے مسائل معلوم کئے اور جماعت اسلامی و الخدمت کی جانب سے ہر ممکن امداد فراہم کرنے کایقین دلایا ۔