April 25th, 2024 (1445شوال17)

سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی  کا الخدمت کراچی کے مرکزی کیمپ کا دورہ

 سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے ادارہ نور حق میں قائم الخدمت کراچی کے بیس کیمپ کا دورہ کیا اور فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود الخدمت رضاکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بچے جس ذہنی آزمائش اور کرب سے گزرے ہیں، انہیں ذہنی طور پر پُرسکون کرنے اور واپس بچپن کی طرف لوٹانے کی ضرورت ہے، الخدمت خواتین نے اس کا پورا اہتمام کیا ہے، بچوں کے ساتھ ساتھ ان کی ماؤں کا بھی خیال رکھتے ہوئے پیکجز بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے جہاد میں کراچی سمیت ملک بھر کے مخیر حضرات نے دل کھول کر حصہ ملایا ہے جو لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ آزمائش صرف سیلاب زدگان کی نہیں بلکہ ہماری بھی ہے ۔ جو عافیتوں میں ہیں ان کی ذمے داری ہے کہ اپنی عافیتوں کا شکرانہ اور صدقہ ادا کریں تاکہ مصائب میں گھرے ہم وطن بھی جلد آزمائشوں سے نکل سکیں۔