August 17th, 2022 (1444محرم19)

دردانہ صدیقی کی ڈاکٹر فوزیہ سے ملاقات‘ والدہ کے انتقال پر تعزیت

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان سے ان کی والدہ عصمت صدیقی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے عصمت صدیقی کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عافیہ صدیقی کی والدہ پورے قوم کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی تھیں، وہ عزم و ہمت کا کوہِ گراں اور توکل علی اللہ کی عملی تفسیر تھیں۔ وہ اپنی مظلوم بیٹی سے ملنے کی آس لیے اس دنیا سے چلی گئیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ اب بھی وقت ہے، عافیہ کی امریکی قید سے رہائی کو عملی جامہ پہنائیں، ورنہ ایسا نہ کہ روزِ محشر عافیہ اور اس کی والدہ کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبان تک پہنچ جائیں۔ دردانہ صدیقی نے اس موقع پر عصمت صدیقی کی کامل مغفرت، ان کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی اسیری سے نجات کے لیے بھی دعا کرائی