April 25th, 2024 (1445شوال17)

مری میں پیش آئے افسوسناک سانحے پرسیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی کا اظہار افسوس

جماعت اسلامی کی جانب سے فوری ریسکیو سینٹر قائم اور رابطہ نمبرز جاری کردیے گئے 

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے مری میں پھنسے سیاحوں کے بڑی تعداد میں وفات پا جانے کے دل سوز واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی انتظامات نہ ہونے کے سبب یہ ناگہانی خبر قوم کو سننے کو مل رہی ہے، کیونکہ جب معلوم ہے کہ برفباری کے موسم میں سیاح بڑی تعداد میں مری کا رخ کرتے ہیں تو حکومت کو اسی مناسبت سے انتظامات بھی کرنے چاہییں۔ دردانہ صدیقی نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اوران کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ دردانہ صدیقی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شدید برفانی طوفان میں پھنسے لوگوں کی بخیر و عافیت واپسی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو ہیلی کاپٹر آپریشنز کا آغاز کیا جائے تاکہ مزید کوئی افسوسناک خبر سننے کو نہ ملے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی مری  نے "دختران اسلام اکیڈمی مری" کی بلڈنگ میں ہنگامی ریسکیو سینٹر قائم کر دیا ہے جہاں سیاحوں کے لیے کھانا، ہیٹرز، رہائش کا ہر ممکن بندوبست کیا گیا ہے۔ بانسرہ گلی, سنی بنک گھوڑا گلی چٹا موڑ میں پھنسے افراد ان نمبرز ‏03005175969، 
‏03338544338 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔