April 18th, 2024 (1445شوال9)

سخت سردی کے موسم میں افغانی بھائی بہنوں کی مدد کے لیے عوام اپنا حصہ ڈالیں ۔دردانہ صدیقی کی اپیل

 ملک کے اندر سیلاب زلزلہ حادثاتی صورت حال ہو یا بیرون ملک ہنگامی حالات میں مسلمان امداد کے منتظر ہوں , الخدمت ٹرسٹ خواتین (پاکستان)ہر لمحہ مجبور اور دکھی انسانیت کی ہر ممکن  امداد کے لئے پیش پیش رہتی ہے اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی افغانستان میں بے یارو مددگار سخت سردی میں مشکلات کے شکار افغان عوام کے لئے مدد کا تقاضا تھا ,اس مقصد کے لیے الخدمت خواتین ٹرسٹ(پاکستان)  کے مرکزی دفتر کراچی سے افغانستان کی خواتین کو اشیاء کی شکل میں تحائف کا پہلا ٹرک آج روانہ کر دیا گیا جس میں مکمل امدادی سامان موجود ہے -کھانے پینے کی اشیا ادویات استعمال کے برتن بستر وغیرہ اور ضروریات زندگی کی تمام اشیاء کی شکل میں امدادی سامان کے بنڈل شامل کئے گئے ہیں-
 یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کراچی میں امدادی اشیا کے ٹرک کی روانگی پر اپنے خصوصی بیان میں کہی 
انہوں نے کہا کہ پاکستان  سے الخدمت خواتین ٹرسٹ خواتین پاکستان کی کارکنان نے صرف دو چار دنوں میں پچھتر لاکھ روپے کا امدادی سامان ہنگامی بنیادوں پر جمع کیاہے جس میں ضروریات زندگی کی تمام اشیاء شامل ہیں اور اس سلسلے میں تحائف کا پہلا ٹرک آج روانہ کر دیا گیا ہے ان شاءاللہ تمام کارکن اور اراکین بہنوں کے تعاون سے پریشان حال افغان عوام کے لیے تعاون اور تحائف کی روانگی کا سلسلہ جاری رہے گا -انہوں نے امدادی سامان جمع کرنے پر مامور الخدمت خواتین ٹرسٹ کی ذمہ داران اور کارکنان کے لئے اجر عظیم کی دعا بھی کی- 
اس موقع پر انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر دکھی اور مظلوم افغان مسلمانوں کی مددکے لیے اپنا حصہ ڈالیں سردی کے اس موسم میں بے یارومددگار افغان بچوں اور خواتین کا ہاتھ تھامنے سے بڑھ کر نیکی اور صدقہ کا بہتر موقع کوئی نہیں ہوگا-